پناہ گزینوں کا خیال سابق امریکی فوجیوں سے زیادہ رکھا جاتا ہے

پیر, 30 مئی 2016 07:39

امریکی صدر کے عہدے کے لیے رپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکہ میں اکثر غیر قانونی پناہ گزینوں کا خیال سابق امریکی فوجیوں سے زیادہ رکھا جاتا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بیان واشنگٹن میں بائکرز کی ریلی کے دوران دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ہم اب مزید ایسا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔‘

اپنے اس دعوی کے حوالے سے ڈونلڈ ٹرمپ نے کوئی شواہد پیش نہیں کیے۔

گذشتہ سال ڈونلڈ ٹرمپ نے سابق جنگی قیدی سینیٹر جان مک کین کے ملٹری ریکارڈ پر شدید غصے کا اظہار کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ سینیٹر مک کین کو صرف اس لیے ہیرو کہا جاتا ہے کیونکہ وہ ویتنام جنگ کے دوران جنگی قیدی تھے۔

انھوں نے مزید کہا تھا کہ ’میں ان لوگوں کو پسند کرتا ہوں جو پکڑے نہیں گئے۔‘

اس بیان کے بعد سے ڈونلڈ ٹرمپ جو کے کبھی بھی فوج میں نہیں رہے اپنے بیان سے ہونے والے نقصان کا ازالہ کرنے کے لیے اپنی ریلیوں میں سابق فوجیوں کو عزت دینے کے ساتھ ساتھ ان کے لیے فنڈز بھی اکھٹا کرتے رہے ہیں۔

ان کا یہ تازہ بیان اتوار کو سالانہ رولنگ تھنڈر موٹر سائیکل ریلی کے دوران سامنے آیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ریلی میں موجود بہت سے لوگوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کا خیر مقدم کیا۔ ان میں سے 52 سالہ لوئس نیمک کا کہنا تھا کہ ’ٹرمپ کے بارے میں جو بات مجھے پسند ہے وہ یہ کہ وہ ہم میں سے ہیں، وہ سیاستدان نہیں ہیں۔‘

واضح رہے کہ چند روز قبل امریکی صدر براک اوباما کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کے عہدے کے لیے رپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات پر عالمی رہنماؤں کا شور مچانا جائز ہے۔

جاپان میں امیر ترین ممالک کے گروپ جی سیون کی سربراہ کانفرنس کے موقعے پر بات کرتے ہوئے صدر اوباما نے کہا تھا کہ مسٹر ٹرمپ نے عالمی امور پر کم علمی کا مظاہرہ کیا ہے۔

Read 296 times

Leave a comment

Make sure you enter the (*) required information where indicated. HTML code is not allowed.

Pakistanviews.org

pakistanviews.org stands as a website enlightening the masses with all information related to current affair, entertainment, sports, technology, etc. It has been brought into existence to ensure that voice of Pakistan reaches the masses. Ensuring that a true picture of Pakistan is portrayed in the right manner to the world. The website is to bring forth the real picture of Pakistan negating avenues of Terrorism and Non-State Acto