وزیراعظم نوازشریف لندن سے وطن واپس پہنچ گئے

منگل, 19 اپریل 2016 23:08

اسلام آباد: وزیراعظم نوازشریف طبی معائنے کے بعد لندن سے وطن واپس پہنچ گئے جہاں نور ایئر خان ایئربیس پر وزیرخزانہ اسحاق ڈار سمیت دیگر نے ان کا استقبال کیا۔

 وزیراعظم نوازشریف لندن سے طبی معائنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے جہاں ان کا طیارہ نورخان ایئربیس پر اترا جب کہ وزیراعظم کے استقبال کے لیے وزیرخزانہ اسحاق ڈار، وزیراعظم کے پولیٹیکل سیکریٹری آصف کرمانی اور معاون خصوصی موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کے وطن واپس پہنچنے کے بعد وزیراعظم ہاؤس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے وزیراعظم سے ملاقات کی جس میں اسحاق ڈار نے وزیراعظم کو پاناما لیکس کے معاملے پر سیاسی جماعتوں سے رابطوں پر آگاہ کیا۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ وزیراعظم نے کل اسلام آباد میں پارٹی رہنماؤں اور رفقائے کار کو بلالیا ہے جہاں وہ ان سے ملاقات کریں گے جب کہ اس دوران وہ پاناما لیکس سے متعلق کمیشن پر مشاورت اور لائحہ عمل بھی طے کریں گے۔

لندن سے پاکستان روانگی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بھاری اکثریت ملک میں دھرنوں کی سیاست نہیں چاہتی اور چاہتی ہے کہ پاکستان ترقی کرے اور آگے بڑھے لیکن بدقسمتی سے 90 کی دہائی والی سیاست شروع ہوگئی لیکن میں نہ مانوں والی سیاست 90 کی دہائی میں ہی دفن ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں چند ایسے سیاستدان ہیں جو اب تک بالغ نہیں ہوئے اور وہ 90 کی دہائی والی سیاست ہی کر رہے ہیں، اللہ کرے انہیں بھی پاکستان کی ترقی اتنی ہی عزیز ہوجتنی مجھے اور دیگر پاکستانیوں کو ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کئی لوگوں کو میرے لندن میں آنے میں سازش نظر آرہی تھی لیکن میں چیک اپ کے لئے آیا جو مکمل ہوگئے اوراب واپس اپنے وطن جارہا ہوں، میرے لندن آنے کے بعد پیشگوئیاں کرنے والوں سے ہی پوچھا جائے کہ انہوں نے ایسا کیوں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس میں مجھ پرکوئی الزام نہیں لگا لیکن پھربھی اس پر کمیشن بن جائے گا، 1972 سے ہمارا خاندان مشکلات کا شکار رہا، ہمارے کئی کارخانے ذوالفقارعلی بھٹو نے اقتدار میں آنے کے بعد نیشنلائز کردیئے تھے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم نوازشریف 13 اپریل کو علاج کی غرض سے لندن روانہ ہوئے تھے جس کے بعد وزیرخزانہ اسحاق ڈار حکومتی معاملات دیکھ رہے  تھے۔ اپوزیشن نے وزیراعظم کی لندن روانگی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا جب کہ سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم نے دعویٰ کیا تھا کہ وزیراعظم پاناما لیکس سے اپنا نام نکلوانے لندن گئے ہیں اور وہ وطن واپس نہیں آئیں گے۔

Read 295 times

Leave a comment

Make sure you enter the (*) required information where indicated. HTML code is not allowed.

Pakistanviews.org

pakistanviews.org stands as a website enlightening the masses with all information related to current affair, entertainment, sports, technology, etc. It has been brought into existence to ensure that voice of Pakistan reaches the masses. Ensuring that a true picture of Pakistan is portrayed in the right manner to the world. The website is to bring forth the real picture of Pakistan negating avenues of Terrorism and Non-State Acto