”کوئی بھوکانہ سوئے”پروگرام کا آغاز کردیا
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ”کوئی بھوکا نہ سوئے” پروگرام کے تحت رمضان المبارک میں افطاری کیلئے کھانا تقسیم کیا جائے گا۔
اپنے تازہ بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عثمان بزدار نے”کوئی بھوکانہ سوئے”پروگرام کا آغاز کردیا ہے، سیلانی ویلفیئرٹرسٹ کے تعاون سے کھانے کے پیکٹ تقسیم کیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے دوران افطاری کے لیے کھانا تقسیم کیا جائے گا، سابق حکمرانوں نے اپنی اولادکی زندگی بہتر بنانے کے لیے وسائل جھونکے۔
معاون خصوصی نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت پسے طبقات کی زندگی بہتر بنانے کیلئے سرگرم عمل ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان نے مزید شہروں کے لئے کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام کا افتتاح کیا، اس پروگرام کے تحت لاہور، فیصل آباد اور پشاور میں مستحق اور پسماندہ افراد کو مفت کھانا فراہم کیا جائے گا، بعد ازاں پورے ملک میں ٹرک کچن کا جال پھیلائیں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ میں نے کوئی بھوکا نہ سوئے کی تجویز ثانیہ نشتر کو دی تھی، ثانیہ نشتر نے اسے عملی جامہ پہنایا، اس پروگرام کے آغاز پر ثانیہ نشتر کو مبارکباد دینا چاہتاہوں اور امید کرتا ہوں کہ مستحق اور پسماندہ طبقہ اس پروگرام سے مستفید ہوگا۔