گورنر،وزیراعلیٰ پنجاب سمیت اہم شخصیات پر حملوں کا خدشہ
لاہور: تحریک طالبان پاکستان سے وابستہ گروپوں کی جانب سے پنجاب بھر میں اہم سیاستدانوں اور شخصیات کو ٹارگٹ کیے جانے کے خدشے کے پیش نظر پولیس اور سکیورٹی سے متعلقہ اداروں نے گورنر اور وزیراعلیٰ پنجاب سمیت اہم سیاسی شخصیات کی سکیورٹی فول پروف بنانے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس حکام اور سکیورٹی سے متعلق اداروں کو مراسلہ جاری کیا گیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ معلوم ہوا ہے کہ تحریک طالبان پاکستان شہریار محسود گروپ پنجاب بھر میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں اہم سیاسی شخصیات کو نشانہ بنانے کا منصوبہ رکھتے ہیں لہذا گورنر، وزیراعلیٰ اور وزرا سمیت اہم شخصیات کی سکیورٹی کو فول پروف رکھا جائے۔ وقفے وقفے سے انٹیلی جنس بیسڈ کومبنگ و سرچ آپریشنز کئے جائیں، تمام حساس اور اہم تنصیبات، عمارتوں، ہسپتالوں اور سکولوں سمیت اہم رہائشی علاقوں کی کڑی نگرانی رکھی جائے اور اس حوالے سے اٹھائے جانیوالے تمام اقدامات سے آئی جی پنجاب آفس کو تفصیلی طور پر آگاہ رکھا جائے۔