اسلام آباد

عیدالفطر آج مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جائے گی

اسلام آباد: ملک بھر میں عیدالفطرآج مذہبی جوش وجذبے  کے ساتھ منائی جائے گی اس موقع نمازعید کے اجتماعات میں ملک کی ترقی اورخوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیرمین مفتی منیب الرحمان کی سربراہی میں اسلام آباد میں ہوا جس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام اورمحکمہ موسمیات کے نمائندوں نے شرکت کی جب کہ زونل رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس صوبائی دارالحکومتوں میں ہوئے۔ مفتی منیب الرحمان نے اعلان کیا کہ ملک کے مختلف حصوں میں شوال المکرم کا چاند نظرآگیا جس کے بعد عیدالفطرآج  منائی جائے گی۔
مفتی منیب الرحمان کا کہنا تھا کہ پارا چنار، کوئٹہ، احمد پور شرقیہ میں افسوس ناک واقعات ہوئے، ملک میں ہونے والے حادثات پر پوری قوم سوگوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم افواج پاکستان کی کامیابی کے لیے دعا گو ہیں جب کہ  دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی کوششوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں عید الفطر کی نماز کے اجتماعات ہوں گےجس میں ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اوردہشت گردی کے خاتمے کے لئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ کراچی میں عید الفطر کے موقع پر شہر کی بڑی مساجد، عید گاہوں اور امام بارگاہوں کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی جائے گی جب کہ پولیس کے علاوہ رینجرز اہلکار نے بھی ڈیوٹی انجام دیں گے، اہم عیدگاہوں پر نمازیوں کو واک تھرو گیٹ سے اندر جانے کی اجازت دی جائے گی جب کہ عیدالفطر کے موقع پر شہر کے اہم عوامی مقامات، تفریحی گاہوں اور پارکوں کے باہر بھی پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔
پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں نماز عید الفطر کا سب سے بڑا اجتماع بادشاہی مسجد میں ہوگا، عیدالفطر کے موقع پر پنجاب میں سیکیورٹی خدشات کی بنا پر سخت سکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے اور سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ دارالحکومت اسلام میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوگا جب کہ اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔عیدالفطر کے موقع پر کوئٹہ اور پشاور میں بھی سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، دونوں صوبائی دارالحکومتوں میں پولیس، رینجرز اور ایف سی کے اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ دوسری جانب صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم نوازشریف نے عید الفطر کے موقع پر عالم اسلام اور اہل پاکستان کو دل کی گہرائی سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عید پر دہشت گردی کے شکار پاکستانیوں کو یاد رکھا جائے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close