بہاولپور میں آئل ٹینکر میں آگ لگنے سے 150 افراد جاں بحق
بہاورلپور: احمد پورشرقیہ کے قریب آئل ٹینکر کے الٹنے کے بعد آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 150 افراد جاں بحق اور 200 سے زائد زخمی ہو گئے۔ ہزاروں لیٹر آئل سے بھرا ٹینکر کراچی سے بہاولپور جا رہا تھا کہ احمد پور شرقیہ سے 5 کلو میٹر دور اڈا پکی پل کے قریب موڑ کاٹتے ہوئے الٹ گیا جس کے بعد متعدد لوگ آئل ٹینکر سے رسنے والا پیٹرول حاصل کرنے کے لیے جمع ہو گئے، بڑی تعداد میں لوگ پٹرول بھرنے میں مصروف تھے کہ اچانک آئل ٹینکرمیں دھماکہ ہوا اور آگ بھڑک اٹھی، جس سے وہاں موجود لوگ بری طرح جھلس گئے جبکہ آئل ٹینکر کے قریب سے گزرنے والی درجنوں موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں بھی جل کر خاکستر ہو گئیں۔ خوفناک حادثے میں کم از کم 150 افراد جاں بحق جب کہ 20 بچوں سمیت 200 سے زائد افراد زخمی ہو گئے جن میں سے 40 افراد کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ پاک فوج کے جوانوں اور امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے جھلس کر زخمی ہونے والے افراد کو وکٹوریہ اسپتال بہاولپور اور نشتر اسپتال ملتان منتقل کیا جہاں طبی ذرائع نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ وکٹوریہ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر کے تمام ڈاکٹرز اور اسٹاف کو فوری طور پر طلب کر لیا گیا، اسپتال میں زخمیوں کے لئے دستیاب سامان کم پڑگیا جب کہ زخمیوں کیلئے دیگر وارڈز خالی کرائے گئے۔ اس حوالے سے ایم ایس وکٹوریہ ڈاکٹر طاہرہ سعید کا کہنا ہے کہ وکٹوریہ اسپتال میں 67 افراد شدید جھلسے ہوئے لائے گئے ہیں جبکہ زخمیوں کو سی ایم ایچ سمیت دیگر اسپتالوں میں بھی منتقل کر دیا گیا۔ نجاب حکومت نے وزیراعظم نواز شریف کو حادثے کی ابتدائی رپورٹ سے آگاہ کر دیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ٹینکر میں 50 ہزار لیٹر پٹرول تھا جو حادثے کے بعد پھیل گیا، مقامی آبادی قریب ہونے کی وجہ سے جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور پٹرول جمع کرنا شروع کردیا، آگ سگریٹ سلگھانے کے باعث لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے سینکڑوں افراد کی جان لے لی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے المناک حادثے پر افسوس کا اظہارکیا ہے اور زخمیوں کی اسپتال منتقلی کے لیے آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز روانہ کر دیئے گئے ہیں، آرمی کے تمام اسپتالوں میں ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ آرمی چیف نے ریسکیو سمیت ریلیف سروس میں سول انتظامیہ کی مدد کے لیے ہدایات بھی جاری کردیں ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف اورچیرمین تحریک انصاف عمران خان نے بھی حادثے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام تر ہمدردیاں سوگواران کے ساتھ ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعلی ٰپنجاب شہباز شریف نے احمد پور شرقیہ کے قریب ہونے والے حادثے میں بڑی تعداد میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی انکوائری رپورٹ فوری طور پر طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ذاتی ہیلی کاپٹر بھی زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے کے لیے سول انتظامیہ کے حوالے کر دیا ہے۔