تاجر آن لائن فراڈ میں 64 لاکھ روپے کی رقم سے محروم
راجستھان کے دارالحکومت جے پور سے تعلق رکھنے والے ایک کاروباری شخص کو آن لائن فراڈ سم سویپنگ کے ذریعے 64 لاکھ روپے کی رقم سے محروم کردیا گیا۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق 68 سالہ رالیش تتوکا نامی کاروباری شخص کے موبائل فون میں دو روز تک مشکوک ایکٹوٹیز ظاہر ہوئیں۔ جب اس نے اپنے بینک کو فون کیا تو اس پر یہ عقدہ کھلا کہ اس کا اور اس کی کمپنی کا بینک اکاؤنٹ خالی ہوچکا ہے۔ تاجر کے ذاتی بینک اکاؤنٹ میں صرف 700 جب کہ اس کی کمپنی کے اکاؤنٹ میں صرف 300 روپے باقی بچے تھے۔
متاثرہ تاجر نے پولیس کو بتایا کہ اس کے اور اس کے بزنس پارٹنر کے موبائل فون نمبر ایک ہی وقت پر کام کرنا چھوڑ گئے جس کے بعد وہ ٹیلی کام کمپنی کے دفتر میں نئے سم کارڈ لینے گئے۔ انہوں نے سمیں لیں لیکن وہ کافی دیر تک ایکٹو نہیں ہوئیں۔ انہوں نے اس مسئلے کی طرف توجہ نہیں دی اور بینک اکاؤنٹ میں لاگ ان کرکے ٹرانزیکشنز کرنے کی کوشش کی لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہوسکے۔ جب انہوں نے بینک سے رابطہ کیا تو پتا چلا کہ وہ 64 لاکھ روپے کی رقم سے محروم ہوچکے ہیں۔