اسلام آباد
قابو نہ آنے پر جے آئی ٹی کو بدنام کیا جارہا ہے، عمران خان
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت جے آئی ٹی پر قابو پانے میں ناکامی ہوگئی تو اسے متنازع بنانے اور بدنام کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ (ن) لیگ اور موٹو گینگ کتنی جلدی بھول گئے کہ انہوں نے اسی جے آئی ٹی کی تشکیل پر کتنا جشن منایا تھا۔ عمران خان نے کہا کہ حکمراں جماعت کے ارکان نے سپریم کورٹ کی جانب سے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بننے پر فتح کے نشان بنائے اور مٹھائیاں تقسیم کیں تھیں، لیکن اب جے آئی ٹی قابو میں نہیں آرہی تو اسے بدنام کرنےکیلیے زور لگایا جارہا ہے۔