پاکستان کے لیے آخری لمحے ، آخری گیند تک لڑوں گا
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد قوم کے نام جاری پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کے لیے آخری لمحے ، آخری گیند تک لڑوں گا اور جمعے کی شام قوم سے خطاب کروں گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا کہ میں نے جمعے کو کابینہ اور پارلیمانی پارٹی کے اجلاس طلب کیے ہیں، جس کے بعد قوم سے خطاب کروں گا۔
اس سے قبل وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب اور وفاقی وزیر اطلاعات و قانون فواد چوہدری نے بھی وزیراعظم عمران خان کے قوم سے خطاب سے متعلق بیانات جاری کیے۔
دونوں وزرا نے بتایا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اور پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا، جس کے بعد وہ رات کو قوم سےاہم خطاب کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں جمعے کی صبح 11 بجے طلب کرلیا، جس میں وفاقی وزراء اور وزیراعظم کے مشیر شرکت کریں گے جبکہ وزرائے مملکت اور معاونین خصوصی کابینہ ڈویژن سے اجلاس میں آن لائن شرکت کریں گے۔
دریں اثنا سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد بنی گالہ میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں سپریم کورٹ کے فیصلے اور مستقبل کی صورت حال پر غور کیا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئندہ کی حکمتِ عملی کے حوالے سے لائحہ عمل بھی مرتب کیا گیا۔ اس اہم میٹنگ میں پی ٹی آئی کی سینئر قیادت اور قانونی ماہرین بھی شریک تھے۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق حکومت نے موجودہ صورت حال میں مختلف آپشنز پر غور بھی کیا، جبکہ پارلیمانی کمیٹی اور کابینہ کا اجلاس بلانے پر حتمی اتفاق کیا گیا۔
یاد رہےاس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی قانونی ٹیم سے ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے سپریم کورٹ کے کسی بھی فیصلے کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا۔