نو منتخب وزیر اعظم شہباز شریف کا قوم کو پہلا ریلیف
اسلام آباد : وزیر اعظم شہباز شریف نے کم از کم تنخواہ 25 ہزار روپے کرنے کا اعلان کردیا، جس کا اطلاق یکم اپریل سے ہوگا۔
نو منتخب وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے فوری طور پر قوم کو ریلیف دیتے ہوئے کم سے کم اجرت کو 25 ہزار روپے کرنے کا اعلان کیا۔
سابق وزیراعظم عمران خان کی حکومت نے گزشتہ سال بجٹ میں کم سے کم ماہانہ اجرت 20 ہزار روپے مقرر کی تھی۔
شہباز شریف نے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد اپنی پہلی تقریر میں کہا کہ وہ گزشتہ حکومت کی جانب سے کی جانے والی مہنگائی کا زور کسی حد تک کم کرنے کے لیے عوام کو فوری ریلیف دے رہے ہیں۔
شہباز شریف نے ایک لاکھ روپے ماہانہ کمانے والے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے اور پینشنرز کے لیے بھی 10 فیصد اضافے کا اعلان کیا۔
وزیر اعظم نے رمضان پیکج کے تحت عوام کو سستا آٹا بھی فراہم کرنے کا اعلان کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہم چاروں صوبوں کو ساتھ لے کر آگے بڑھیں گے، بے نظیر کارڈ دوبارہ شروع کریں گے، بے نظیر کارڈ کو مزید وسعت دے رہے ہیں، تعلیم کو بھی اس سے منسلک کریں گے، لیپ ٹاپ کی تقسیم دوبارہ شروع کی جائے گی۔