عامر لیاقت کی تیسری بیوی کے لگائے گئے الزامات کی تردید
کراچی: عامر لیاقت نے دانیہ شاہ کی جانب سے ان کے اوپر لگائے گئے الزامات کی تردید کردی
عامر لیاقت نے اپنی تیسری بیوی دانیہ شاہ کے الزامات کے جواب میں سوشل میڈیا پر ایک طویل پوسٹ شیئر کی ہے جس میں انہوں نے دانیہ شاہ کے الزامات کو من گھڑت اور جھوٹا قرار دیا ہے۔
عامر لیاقت نے دانیہ شاہ کی جانب سے ان کے اوپر لگائے گئے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے میں عامر لیاقت حسین اپنے دفاع میں قانونی طور پر عدالت کا نوٹس ملنے کے بعد جواب ضرور داخل کروں گا۔
عامر لیاقت نے کہا میں شراب پیتا ہوں نہ آئس کا نشہ کرتا ہوں۔ چار ماہ کی شادی میں کمرے میں بند ہونے کے الزامات کے باوجود ٹک ٹاک پر پابندی سے ویڈیوز شاید ملائکہ (معاذاللہ) آکر ڈال جاتے تھے۔ بھوکا رکھنے والا روزانہ ان کی پسند کا کھانا باہر سے منگواکر کھلاتا تھا۔ جس انسان نے زندگی بھر عورت کی عزت و احترام کا درس دیا ہو وہ تشدد کرے گا؟
عامر لیاقت نےاپنی پوسٹ میں انکشاف کیا کہ ان کی تیسری بیوی نے ان سے اپنی اصل عمر چھپائی اور جعلی شناختی کارڈ دکھایا۔ انہوں نے کہا میں آج عوام کو بتانا چاہتا ہوں کہ میں 4 ماہ سے ان بھیانک سچائیوں کا بوجھ کیسے اٹھاتا رہا اور پھر اسپتال کے دروازے تک پہنچ گیا۔ 15 برس کی عمر کے انکشاف کا بوجھ۔
عامر لیاقت نے بتایا کہ ان کی بیوی بہانےبہانے سے ان سے پیسے لیتی رہی۔ شادی کے چار ماہ میں چونکہ ان کے (دانیہ کے) گھر میں کمانے والا کوئی نہ تھا میں معاشی حالات کی مجبوری کے باوجود ان کی والدہ کو ماہانہ 2 لاکھ روپے بھجواتا رہا جب کہ ایک لاکھ دانیہ کو جیب خرچ دیتا رہا۔ دانیہ نے اپنی بہن اور بہنوئی کے خرچے کی مد میں 5 لاکھ روپے، 8 لاکھ سود اتارنے کی مد میں اور اپنے ذاتی اخراجات جس میں کرائے کی گاڑی بھی شامل تھی نقد 15 لاکھ روپے لے گئیں۔ جب کہ آتے ہوئے مجھ سے ہیرے کی انگوٹھی اور سیٹ کی فرمائش کی میں نے کہا صرف 10 لاکھ روپے ہیں تو انہوں نے 9 لاکھ روپے کی انگوٹھی خریدی۔
عامر لیاقت نے بتایا کہ دانیہ شاہ ان سے بہانے بہانے سے پیسے منگواتی رہیں کبھی بہن کے نومولود بچے کی حالت بگڑ گئی پیسے؟ ابو اسپتال میں ایڈ مٹ ہوگئے پیسے؟ بہن کے گھر میں تنگی ہے پیسے؟
عامر لیاقت نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ میں اپنا میڈیکل کراتا ہوں کہ کب شراب پی؟ اور یہ (دانیہ شاہ) اپنا ٹیسٹ کرائیں تاکہ ان کی عمر معلوم ہوسکے۔ عامر لیاقت نے کہا ’’آج میں اس لڑکی کے لڑکی ہونے پر شرمندہ ہوں کہ شرم کے باعث بہت کچھ چھپانا پڑ رہا ہے‘‘۔