لاہور: پی ٹی آئی رکن نے سیدھی گولی کانسٹیبل پر چلائی اور پولیس اہلکار شہید ہوگیا، گولی چلاکر بتادیا کہ ان کے ارادے کیا ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےکہا ہے کہ عمران خان کو حکومت سے نکالے جانے پر صدمہ ہوا ہے، میں نے حکومت سے کہہ دیا ہے کہ عمران کو گرفتار نہ کریں، آنے دیں۔
مریم نواز نے کہا کہ پی ٹی آئی رکن نے سیدھی گولی کانسٹیبل پر چلائی ، جو سینے میں لگی اور پولیس اہلکار شہید ہوگیا، لانگ مارچ کے مقاصد میں شک و شبہے کی گنجائش نہیں رہ گئی، گولی چلاکر بتادیا کہ ان کے ارادے کیا ہیں۔
ن لیگی نائب صدر نے مزید کہاکہ پی ٹی آئی والوں کے پاس اسلحہ، آنسو گیس کے شیل بھی ہیں،ملک و قوم کےلیے پیشگی اقدامات حکومت کی ذمہ داری ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھاکہ لانگ مارچ کے ذریعے ملک میں آگ و خون کا کھیل کھیلنا چاہتے ہیں، ان کی تیاری ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملہ کریں، اس ملک کو سری لنکا بنانے کی آپ کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی، قوم اور ملک کے حق میں فیصلے کریں، میڈیا اور سوشل میڈیا کو مت دیکھیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے بیٹے باہر محفوظ رہیں یہاں قوم کے بیٹے گولیاں کھائیں، کوئی بھی تحریک، جہاد اور انقلاب گھر سے شروع ہوتا ہے، اپنے بچوں کو لندن میں بٹھادیا، قوم کے بچے لو کے تھپیڑے کھائیں، آزادی مارچ کی فرنٹ لائن پر اپنے دونوں بیٹوں کو کھڑا کرو۔
نائب صدر نے کہا کہ آزادی کی تحریک ہے تو لاو اپنے بچوں کو، ورنہ آزادی کا بھاشن نہیں مانتے،پاکستانی قوم کے بچوں کو ترغیب دے رہےہیں، ڈنڈےکی مار کھاو۔
مریم نواز کا کہنا تھاکہ امریکی ٹی وی پر عمران خان نے سازش کا ذکر نہیں کیا،پی ٹی آئی چیئرمین نے مایوسی کی وجہ بتادی کہ امریکی صدر نے فون نہیں کیا۔
ن لیگی نائب صدر نے کہا کہ پہلے کہہ رہے تھے، نیوٹرل جانور ہوتاہے، کل کہا نیوٹرل رہیں، عمران خان لانگ مارچ حکومت کے خلاف نہیں اسٹیبلشمنٹ کے خلاف کررہے ہیں،وہ دھمکی ہمیں نہیں اسٹیبلشمنٹ کو دیتے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ 12بجے عدالت کھلی، آئین شکنی سے روکا گیا تو گالیوں پر مبنی مہم چلائی،شہباز شریف کے خلاف سو موٹو نوٹس کے بعد پھر تعریفیں شروع کردیں، یہ روایت نہ ڈالیں کے اداروں کے خلاف بولنے والوں کے حق میں ہی فیصلے آئیں گے۔