کراچی پولیس میں ڈرائیور کی آسامیوں پر شرائط نرم کرنے کا فیصلہ
کراچی: امیدوار کے پاس ایل ٹی وی لائسنس ہونے کی شرط ختم کردی گئی ہے
کراچی پولیس میں 1777 ڈرائیور کی آسامیوں پر بھرتی کیلئے شرائط انتہائی نرم کردی گئی ہیں۔
اب پیشہ ورانہ ڈرائیونگ لائسنس نہ رکھنے والے 28 سال کی عمر تک کے امیدوار بھی پولیس ڈرائیور بھرتی ہوسکتے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق روں سال کے اوائل میں کراچی پولیس میں 1777 ڈرائیورز کی آسامیوں پر بھرتی کی پیشکش اخبارات میں مشتہر کی گئی تھی۔
جس پر اگرچہ بڑی تعداد میں امیدوار سامنے آئے تھے، تاہم امیدوار کے پاس لائٹ ٹرانسپورٹ وہیکل یعنی ایل ٹی وی ڈرائیونگ لائسنس ہونے کی ایک انتہائی سخت شرط لازم ہونے کی وجہ سے صرف 62 امیدوار کامیاب قرار پائے تھے۔
اس پر یہ شرائط نرم کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور یہ بھرتیاں دوبارہ مشتہر کی گئیں اور ان پر درخواستیں وصول بھی کی جارہی ہیں۔
کراچی پولیس آفس ذرائع کے مطابق اب امیدوار کے پاس ایل ٹی وی لائسنس ہونے کی شرط ختم کردی گئی ہے، امیدوار کے پاس عام ڈرائیونگ لائسنس ہونا ضروری ہے۔
بھرتی میں اہل قرار دیے گئے امیدواروں کو دوران تربیت محکمہ پولیس ایل ٹی وی لائسنس بنوا کر دے گا۔