یہ صرف اپنے کرپشن کیسز ختم کرانے آئے ہیں
اسلام آباد: یہ صرف اپنے کرپشن کیسز ختم کرانے آئے ہیں، ایف آئی اے ختم، نیب کے اوپر شہباز شریف بیٹھ گیا ہے
عمران خان کا کہنا ہے کہ امپورٹڈ حکومت سے مجھے زیادہ امید نہیں، موجودہ حکمران ایک ایجنڈے کے تحت آئے ہیں، جو حکم واشنگٹن سے آئے گا وہ انہوں نے ماننا ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا ہے کہ موجودہ امپورٹڈ حکومت سے ہمیں کوئی توقع نہیں ہے، ان کے دور میں ہر چیز مہنگی ہوگئی۔
عمران خان کا کسان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ زراعت ٹھیک نہیں ہوگی تو ملک کی سیکیورٹی خطرے میں ہوگی، روس یوکرین جنگ کی وجہ سے گندم کی برآمد متاثر ہوئی، لوگوں کو خوف ہے کہ کہیں ملک میں قحط نہ پڑ جائے، روس یوکرین جنگ کی وجہ سے گندم کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو فوڈ سیکیورٹی کا اہم مسئلہ درپیش ہے، جب تک حکومت زراعت پر توجہ نہیں دے گی ملک آگے نہیں بڑھے گا، اس ملک میں خوشحالی زراعت کے ذریعے آئے گی، امپورٹڈ حکومت سے مجھے زیادہ امید نہیں، اس حکومت نے آتے ہی ہر چیز مہنگی کرنا شروع کردی، جس طرح قیمتیں بڑھتی جارہی ہیں مسائل بھی بڑھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں سبسڈی کی وجہ سے زرعی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ ہوا، ہم پر امپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی، لوڈشیڈنگ میں بھی بہت اضافہ ہوچکا ہے، بھارت میں 25 روپے ڈیزل اور پیٹرول کی قیمت میں کمی کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ صرف اپنے کرپشن کیسز ختم کرانے آئے ہیں، ایف آئی اے ختم، نیب کے اوپر شہباز شریف بیٹھ گیا ہے، یہ لوگ دھاندلی سے الیکشن جیتنے کیلئے تیاری کر رہے ہیں، الیکشن کمشنر حمزہ اور مریم سے حکم لینے جاتا ہے، یہ وہ لوگ ہیں جن کے اربوں روپے باہر پڑے ہوئے ہیں، یہ لوگ پیسوں کے غلام ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمران ایک ایجنڈے کے تحت آئے ہیں، جو حکم واشنگٹن سے آئے گا وہ انہوں نے ماننا ہے، ان کے ہوتے ہوئے پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا۔