امپورٹڈ حکومت بہت جلد اپنی موت آپ مرے گی : محمود خان
پشاور: عنقریب عمران خان دو تہائی اکثریت کے ساتھ دوبارہ وزیراعظم بنیں گے
محمود خان کا کہنا ہے کہ میں نے فورس استعمال کرنے کی بات کی تو امپورٹڈ حکومت کی ٹانگیں کانپنے لگیں، عمران خان دوبارہ کال دیں تو عوامی فورس کے ساتھ اسلام آباد پہنچ جائیں گے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ عنقریب عمران خان دو تہائی اکثریت کے ساتھ دوبارہ وزیراعظم بنیں گے، امپورٹڈ حکومت بہت جلد اپنی موت آپ مرے گی، ان لوگوں میں ملک کو چلانے کی اہلیت ہے نہ صلاحیت، یہ لوگ این آر او لینے اور اپنے کیسز ختم کرنے کیلئے اقتدار میں آئے ہیں۔
محمود خان کا کہنا تھا کہ آدھی کابینہ ضمانت پر ہے، ان سب کے اوپر نیب اور ایف آئی اے کے کیسز ہیں، ان کے پاس مہنگائی کے علاوہ عوام کو دینے کیلئے کچھ بھی نہیں ہے، میں نے فورس استعمال کرنے کی بات کی تو امپورٹڈ حکومت کی ٹانگیں کانپنے لگیں، میری فورس، میری عوام ڈٹ کر ہمارے ساتھ کھڑے ہیں، عمران خان دوبارہ کال دیں تو عوامی فورس کے ساتھ اسلام آباد پہنچ جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک اور آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے ملک کو لٹیروں سے نجات دلانا ہے، ملک کو حقیقی آزادی دلانے میں عوام عمران خان کے ہاتھ مضبوط کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہم لٹیروں کے ہاتھوں ملک کو امریکا کی کالونی نہیں بننے دیں گے، ان لوگوں کو اقتدار سے ہٹا کر واپس جیلوں میں ڈالنا ہے۔