چوہدری نثار کی پارٹی اجلاس میں عدم شرکت کو غلط رنگ نہ دیاجائے، وزارت داخلہ
اسلام آباد: وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ چوہدری نثار علی خان کی مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں عدم شرکت کو غلط رنگ نہ دیا جائے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ چوہدری نثار ذاتی وجوہات کی بنا پر پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شریک نہیں ہوئے، اس سے پہلے بھی وہ کئی پارلیمانی پارٹی کے اجلاسوں میں شرکت نہیں کر سکے تھے۔ اس پہلو کو غلط رنگ نہ دیا جائے۔
ترجمان وفاقی وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کوئی تلخی نہیں ہوئی اور نہ ہی وزیرِ داخلہ نے اجلاس سے واک آؤٹ کیا۔کابینہ اجلاس میں وزیر داخلہ کے بیان کے حوالے سے بلاجواز قیاس آرائیاں اور غیر حقیقی تبصروں سے گریز کیا جائے۔ وہ آئندہ چند روز میں پریس کانفرنس کرکے اپنا موقف عوام اور میڈیا کے سامنے رکھیں گے۔ واضح رہے کہ میڈیا میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ چوہدری نثار نے کابینہ اجلاس کے دوران وزیر اعظم کو سپریم کورٹ اور فوج سے محاذ آرائی کے بجائے استعفیٰ دینے کا مشورہ دیا تھا جس کی ان کی جانب سے تردید بھی آئی تھی۔