تحریک انصاف نے شہباز شریف کی نااہلی کے لئے ریفرنس دائر کردیا
لاہور: تحریک انصاف نے وزیراعلی شہباز شریف کی نااہلی کے لئے ہائی کورٹ ریفرنس دائر کر دیا. لاہور میں چوہدری سرور، میاں محمودالرشید ،اعجاز چوہدری اور راجہ ریاض سمیت تحریک انصاف کے دیگر قائدین کے ہمراہ پر یس کانفر نس کے دوران بابراعوان نے کہا کہ پیر سے ملک میں تبدیلی اور احتساب کا سورج طلوع ہوگا، کچھ لوگ کہتے تھے کہ پاناما کیس میں کچھ ہونے والا نہیں لیکن اب وہی لوگ کہتے ہیں پیر کو احتساب کا سورج طلوع ہو گا۔ پاناما کیس کرپشن کا عالمی کیس ہے اس میں پورا پاکستان مدعی ہے،جے آئی ٹی رپورٹ کے مطابق پورا ٹبر ہی چور نکلا ہے، اس رپورٹ میں 35 ملزم ہیں ان میں بڑے اور چھوٹے گاڈ فادر بھی شامل ہیں لیکن اس میں 2 بڑے ملزموں کے نام آئے ہیں۔
بابر اعوان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے خلاف کوئی سازش نہیں ہورہی۔ اگر کوئی سازش ہوئی ہے تو گاڈ فادر ون نواز شریف اور گاڈ فادر ٹو شہباز شریف میں ہوئی ہے، اگر کوئی سازش ہے تو وہ متحدہ عرب امارات کی طرف سے آنے والے ثبوت ہیں، سپر یم کورٹ میں پانامہ کیس کا فیصلہ اب مہینوں نہیں بلکہ دنوں میں ہوگا، جے آئی ٹی اب ختم ہو چکی اس لیے (ن) لیگ اس کیخلاف کسی قسم کی درخواست سپر یم کورٹ میں دائر نہیں کرسکتی ،عمران خان کے خلاف نااہلی کا کوئی کیس نہیں، عمران خان نے ایک عام شہری کی حیثیت سے لندن میں فلیٹ خریدا لیکن سپریم کورٹ جو بھی ریکارڈ مانگے گی ہم وہ مہیا کریں گے۔ نریندر مودی کے پیاروں کے اقتدار کے خاتمے کو اب دنیا کی کوئی طاقت نہیں بچاسکتی، ان کو گھر جانا ہی پڑیے گا، نوازشر یف کے اب دبئی کے حکومتی سربراہ بھی فون نہیں سنتے، مریم نواز قطر بھی گئی مگر وہاں کا شہزادہ شریف خاندان کے حق میں بیان دینے پاکستان نہیں آیا۔
بابر اعوان نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ میں عمران خان کی ہدایت پر شہباز شر یف کی نااہلی کے لیےلاہور ہائیکورٹ میں ریفر نس دائر کرادیا گیا ہے۔ حدیبیہ پیپر ملز میں تین نام آئے جنہوں نے پیسے جمع کرائے اور ان میں شہبازشریف بھی شامل ہیں اور اس معاملے میں لندن کی عدالت کا مارچ 1999میں فیصلہ بھی آچکا ہے، جے آئی ٹی میں بھی شہبازشریف کے خلاف کوئی ایک نہیں درجنوں پیرا گراف موجود ہے جن کو بنیاد بناتے ہوئے ہم نے شہباز شر یف کے خلاف نااہلی اور ان کے مالیاتی اختیارات فوری روکنے کیلئے ریفر نس دائر کیا ہے، ہمیں آزاد عدالیہ پر مکمل اعتماد ہے کہ وہ اس بارے میں فیصلہ آئین وقانون کے مطابق کرے گی اور شہباز شریف اپنی کرسی سے فارغ ہوجائیں گے۔
تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ نوازشر یف نے ایک نہیں 7این آر و کئے ہیں، جن میں ایک ظفر علی شاہ کیس بھی شامل ہے، ایل این جی میںبھی شر یف فیملی کے ایجنٹ نے 40 سال کے لئے پاکستانی خزانہے پر ڈاکہ مار دیا ہے ۔ شریف خاندان کی شوگر ملز میں بھارتی لوگوں کے کام کرنے کی باتیں ہوتیں رہیں لیکن آج تک نا تو اس کی تر دید کی گئی اور نا ہی کسی نے اس کی انکوائری کی۔ تحریک انصاف اقتدار میں آنے کے بعد پہلے100دنوں میں ملک میں سب کا احتساب کرےگی اور کرپشن کرنے والوں کو کسی صورت معافی نہیں دی جائے گی۔