کراچی: سندھ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے کی سازش ہورہی ہے، کے الیکٹرک ایک مافیا بنی ہوئی ہے
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس وقت شہر کی حالت بدترین ہورہی ہے، پورے شہر میں گڑھے پڑے ہوئے ہیں، سندھ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے کی سازش ہورہی ہے، لیاری، ڈیفنس سمیت پورا کراچی گندگی میں ڈوبا ہوا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ہمارے ٹیکسوں کے پیسے یہ لوگ برباد کرتے ہیں، جو لوگ ریلوے ٹریک کے قریب موجود ہیں ان کیلئے جگہ مختص کریں، سرکلر ریلوے، ماس ٹرانزٹ کا پلان آگے نہیں بڑھ رہا، مڈل کلاس کیلئے موٹر سائیکل کے سوا کوئی سواری میسر نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں پانی کا بحران ہے، کے الیکٹرک ایک مافیا بنی ہوئی ہے، ایم کیو ایم نے مشرف دور میں کے الیکٹرک کو بیچا تھا، کے الیکٹرک میں 26 فیصد شیئرز وفاقی حکومت کے ہیں، فرانزک آڈٹ کرائیں پتہ چل جائے گا کس کس کو فنڈنگ ہورہی ہے۔