مغرب میں صوفی ازم کے پیروکار کشمیریوں کی نسل کشی رکوائیں، مسعود خان
مظفرآباد: صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ کشمیر صوفیاء اور اولیاء کی سرزمین ہے لیکن امن اور مذہبی رواداری کی اس سرزمین کے بڑے حصے کو قابض بھارتی افواج نے قتل گاہ میں تبدیل کر رکھا ہے، مغرب میں صوفی ازم کے پیروکار نورالدین ولی اور شاہ ہمدان کی سرزمین اور ان کے ماننے والے کشمیریوں کی نسل کشی رکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم انسٹیٹیوٹ کے زیراہتمام خصوصی لیکچر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوفی ازم اور مغرب کے عنوان سے پروفیسر مارسیا نے خصوصی لیکچر دیا۔
صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ ناروے میں ایک ہندو مذہبی پیشوا شری روی شنکر سے ملاقات ہوئی، اس نے پراپیگنڈے سے متاثر ہو کر کشمیر کی تحریک آزادی کو دہشتگردی قرار دیا جس پر میں نے اسے کہا کہ آپ مذہبی پیشوا ہو، مقبوضہ کشمیر جائو اور وہاں فوجیوں کو تشدد سے روکو، مظلوموں کے زخموں پر مرہم رکھو۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلائی جا رہی ہے۔