یہ شخص اپنی گھٹیا سیاست کے لئے سیلاب متاثرین کی امداد رکوانا چاہتا ہے : مریم اورنگزیب
عدالتوں کو پتہ چل جانا چاہیئے کہ عمران خان کو ندامت ہے نہ شرمندگی ہے
اسلام آباد : یہ بیمار ذہنیت شخص سیلاب متاثرین کے آٹے پر بھی سیاست کرتا ہے۔
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے عمران خان کو تکبر اور خودپسندی کا ذہنی مریض ہونے کے سبب خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں کو کسی ادارے، اس کے سربراہ یا جج کو گالی دینے میں کوئی شرم نہیں۔ عدالتوں کو پتہ چل جانا چاہیئے کہ عمران خان کو ندامت ہے نہ شرمندگی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بزدل، اناپرست، خودپسندی اور تکبر میں ڈوبا ہوا شخص خطرناک ہی ہوتا ہے۔ وہ ایک ڈھیٹ، فسطائی اور بے شرم انسان ہیںجو کھل کر جھوٹ بولتا ہے، سیلاب پر بھی سیاست کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قوم اور میڈیا سے اپیل ہے کہ خود پسند انا پرست کے بجائے سیلاب متاثرین کی طرف اپنی توجہ مرکوز رکھیں۔ متاثرین اس وقت سیلاب کی تکلیف میں ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ بیمار ذہنیت سیلاب متاثرین کے آٹے پر بھی سیاست کرتا ہے۔ عمران خان سیلاب متاثرین کے جذبات سے کھیل کر انتشار پھیلانا چاہتے ہیں۔ یہ شخص اپنی گھٹیا سیاست کے لئے سیلاب متاثرین کے لئے امداد رکوانا چاہتا ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ میں وزیراعظم نہیں، اس لئے سیلاب متاثرین کی مدد نہ کرو۔ کبھی آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی رکواتا ہے، کبھی سیلاب متاثرین کے لئے امداد رکوانے کی گھٹیا کوشش کرتا ہے۔ یہ وہی ذہنی بیمار ہے، جو اپنی سیاست کے لئے شہداء کے خلاف سوشل میڈیا پر زہریلی مہم چلاتا ہے۔