موجودہ حکومت کے وزراء کے پاس عوامی ریلیف کا کوئی پلان نہیں ہے
عام انتخابات ہی ملک میں عدم استحکام ختم کرسکتے ہیں
لاہور : ملک تباہی کے دہانے پر ہے اور موجودہ وفاقی حکومت کو پروا نہیں۔
پی ٹی آئی رہنماء حماد اظہر پریس کانفرنس میں کہا کہ بجلی کے بلوں کے باعث عام آدمی تو ایک طرف کھاتے پیتے افراد بھی کرائسز میں آگئے ہیں۔ موجودہ وفاقی حکومت کے آدھے وزراء کا تو عوام کو پتہ ہی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ آٹے کی مزید قلت پیدا ہونے جاری ہے۔ وفاقی حکومت نے اضافی گندم خریدنے کی اجازت ہی نہیں دی۔ ہم روس سے سستا تیل لا کر ملک کو دوبارہ انڈسٹیرلائزیشن کی طرف لانا چاہتے تھے۔ بجلی اور گیس کے موجودہ وزیروں نے آج تک عوام کو یہ نہیں بتایا کہ انہیں کیسے ریلیف مل سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نوے فیصد لوگوں کو یہ نہیں پتہ کہ کامرس اور انڈسٹری کا وفاقی وزیر کون ہے۔ ملک تباہی کے دہانے پر ہے اور موجودہ وفاقی حکومت کو پروا نہیں۔
حماد اظہر نے کہا کہ ہمارے حکومت میں وزراء آئے روز عوامی ریلیف کے نت نئے منصوبے لاتے رہتے تھے۔ موجودہ حکومت کے وزراء کے پاس عوامی ریلیف کا کوئی پلان نہیں ہے۔ ہمارے معیشت نیچے گئی تو ملکی سیکورٹی بھی کمپرومائز ہوجائے گی۔
پی ٹی آئی رہنماء کا کہنا تھا کہ اگر بیرونی ممالک ہمیں پیسے دیں گے تو وہ سیکورٹی خدشات نہیں پیدا کریں گے؟ موجودہ حکومت کو گھر بھیجنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔ آئی ایم ایف کے ڈالر آنے کے باوجود روپے کی قدر مزید گر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت خراب معیشت کے باعث فری فال کی حالت میں ہے۔ ہماری حکومت کی معاشی پالیسیوں پر تنقید کرنے والے اب کہاں چھپ گئے ہیں۔ عام انتخابات ہی ملک میں عدم استحکام ختم کرسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے موجودہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی کوئی بات نہیں کی۔ عمران خان نہیں چاہتے کہ موجودہ کرپٹ حکومت نئے آرمی چیف کا انتخاب کرکے چلی جائے۔