بااختیار پارلیمان ہی جمہوریت کی پہچان ہے : سابق صدر
محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے جمہوریت کی خاطر قید و بند برداشت کیا ، جبر اور تشدد برداشت کیا
اسلام آباد : پاکستان پیپلزپارٹی جمہوریت کی مضبوطی اور بقا کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ بااختیار پارلیمان ہی جمہوریت کی پہچان ہے۔
سابق صدر آصف زرداری نے جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ جمہوریت ہماری روح ہے، ہم جمہوریت کا علم کبھی بھی سرنگوں ہونے نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جب کبھی بھی جمہوریت پر شب خون مارا گیا ہے اور ملک پر جبر کی تاریک رات مسلط کی گئی، پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے اپنے خون سے چراغ روشن کرکے عوام کی رہنمائی کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوریت کے بانی قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے عوام کو سوچنے کیلئے شعور اور بولنے کیلئے زبان دی۔ مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو نے اپنا سارا گلشن جمہوریت کی خاطر قربان کردیا۔
سابق صدر نے کہا کہ پاکستان میں جب بھی جمہوریت کا سورج طلوع ہوا ہے، گڑھی خدا بخش بھٹو کے قبرستان سے خون کی لالی لیکر طلوع ہوا ہے۔ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے جمہوریت کی خاطر قید و بند برداشت کیا ، جبر اور تشدد برداشت کیا۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ محترم بینظیر بھٹو شہید کی بہادری اور جدوجہد نے دنیا بھر میں جمہوریت کیلئے جاری تحریکوں کو عزم اور حوصلہ دیا۔ پیپلزپارٹی کے جیالوں جمہوریت کی خاطر بڑے وقار کے ساتھ تختہ دار پر چلے گئے۔ کوڑے کھائے اور جیلیں برداشت کیئے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی جمہوریت کی مضبوطی اور بقا کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ بااختیار پارلیمان ہی جمہوریت کی پہچان ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی نے اپنے اتحادیوں کی مدد سے پارلیمان کو بااختیار بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت سے انحراف اور پارلیمان کو کمزور اور بے توقیر کرنے کی وجہ سے ملک مشکلات کا شکار ہوا ہے۔ ہر قسم کی مشکلات سے نکلنے کیلئے ضروری ہے کہ تمام فیصلے کرنے کا اختیار صرف عوام کی منتخب پارلیمان کو حاصل ہو۔