گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں محکمہ انسداد دہشتگردی کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے، آئی جی صابر احمد

چلاس: انسپکٹر جنرل آف پولیس گلگت بلتستان صابر احمد نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں قیام امن کیلئے پولیس اور سیکورٹی فورسز نے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ امن کا قیام عوام کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں تھا۔ پولیس کی ذمہ داری ہے کہ اس امن کو برقرار رکھے۔ دیامر گلگت بلتستان کا گیٹ وے ہے یہاں امن ہو گا تو پورے جی بی میں امن ہوگا۔

آئی جی گلگت بلتستان اپنے پہلے ایک روزہ  دورہ دیامر کے موقع پر زیرو پوائنٹ چلاس ، شاہراہ قراقرم تھور کے مقام پر فارنرز رجسٹریشن اور فسیلیٹیشن سنٹر کے دورے اور ہلال شہید پولیس لائن میں پولیس دربار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اپنے علاقوں میں امن رکھیں ،اور پولیس کے امیج کو بہتر بنائیں ۔ اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے انجام دیں۔

 انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں   کاونٹر ٹیریرسٹ ڈیپارٹمنٹ کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جس کا  ہیڈ آفس دیامر میں ہوگا انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس میں  غیر قانونی طور پر کی گئی ترقیاں اور شولڈر پرموشن ختم کی  جائیں گی ۔ انہوں  نے کہا کہ  غیرقانونی اسلحہ اور منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور اس سلسلے میں  پولیس سپیشل برانچ اور انٹیلی جینس بیورو کے اہلکار معلومات فراہم کریں۔

اس موقع  پر انہوں نے پولیس جوانوں کے مسائل سنے اور انہیں موقع پر حل کرنے کے احکامات جاری کئے ۔انہوں نے پولیس جوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ کسی بھی اہلکار یا آفیسر کی حق تلفی نہیں ہوگی ۔۔۔ دربار کے اختتام پر آئی جی پی پولیس جوانوں میں گھل مل گئے ۔ قبل ازیں انہوں نے زیرو پوائنٹ میں زیر تعمیر چیک پوسٹ کا دورہ کیا اور تھور میں فارنرز رجسٹریشن سنٹر کا افتتاح کیا۔

اس دوران جاپان سے تعلق رکھنے والے سیاحوں نے رجسٹریشن بھی کرائی ۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ شاہراہ بابوسر ناراں پر آئے روز حادثات سے بچاو کے لئے شاہراہ کی ری الائٹمینٹ کی ضرورت ہے۔ پولیس جوان اور آفیسران بہتر انداز میں کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائیگا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close