افغانستان میں لاپتہ ہونے والے دو پاکستانی سفارت کار بازیاب
اسلام آباد: افغانستان میں گزشتہ ماہ اغوا ہونے والے دو پاکستانی سفارت کاروں کو بازیاب کرالیا گیا۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جلال آباد میں پاکستانی قونصلیٹ کے دو سفارت کاروں کو بحفاظت بازیاب کرالیا گیا ہے جنہیں 16 جون 2017 کو جلال آباد سے طورخم جاتے ہوئے اغوا کرلیا گیا تھا۔ دفتر خارجہ کے مطابق افغان صدر اشرف غنی نے کابل میں موجود پاکستانی ناظم الامور کو ٹیلی فون کرکے اطلاع دی کہ افغان سیکیورٹی فورسز نے ایک آپریشن میں دو پاکستانی سفارت کاروں کو بازیاب کرالیا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق بازیابی کے بعد دونوں اہلکاروں کو افغان وزارت دفاع کے حکام نے کابل میں پاکستانی سفارت خانے کے حوالے کردیا جب کہ یہ دونوں سفارت کار جلد اپنے اہل خانہ سے ملاقات کے لیے پاکستان آجائیں گے۔ اس سلسلے میں پاکستانی سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے پاکستانی عہدے داروں کی بحفاظت بازیابی پر افغان نائب وزیر خارجہ حکمت کرزئی کا شکریہ ادا کیا۔