اعظم سواتی کا مزید ایک روزہ ریمانڈ منظور
اسلام آباد : پی ٹی آئی رہنماء اعظم سواتی کو مزید ایک روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔
اسلام آباد کی سیشن کورٹ میں پی ٹی آئی رہنماء اعظم سواتی کو ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد پیش کیا گیا۔ جج شبیر بھٹی نے کیس کی سماعت کی۔
پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی نے بتایا کہ ملزم نے اپنے تصدیق شدہ اکاؤنٹ سے ٹویٹ کی۔ ملزم کے خلاف پیکا سیکشن کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ٹوئٹ میں الفاظ کا چناؤ درست نہیں کیا گیا۔ ملزم مسلسل مہم چلا رہا ہے۔ پراسیکیوٹر کی جانب سے اعظم سواتی کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔
جج نے استفسار کیا کہ میں نے فائل پڑھی ہے، دو دن کے ریمانڈ میں ایف آئی اے نے کیا کیا؟ پراسیکیوٹر نے کہا کہ اعظم سواتی کا موبائل فون اور ٹویٹر کا پاسورڈ حاصل کرنا باقی ہے، جس پر جج نے استفسار کیا کہ کیا فون ابھی تک برآمد نہیں ہوا۔ پراسیکیوٹر نے نفی میں جواب دیا۔
راجہ رضوان عباسی کا کہنا تھا کہ ملزم کے پیچھے کون ہے، جو آرمی کے خلاف ٹوئٹس کراتا ہے، اس کا سراغ بھی لگانا ہے۔ ہمارے جسمانی ریمانڈ کی استدعا منظور کی جائے۔ قانون کے مطابق تفتیش کیلئے 15 روز کا جسمانی ریمانڈ دیا جا سکتا ہے۔ پراسیکیوٹر نے ٹوئٹ کا متن پڑھ کر عدالت کو سنایا۔
ملزم کے وکیل بابر اعوان نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے نے اعظم سواتی سے ٹوئٹ کے متعلق پوچھا، انہوں نے تسلیم کیا کہ ٹوئٹ ان کی ہے۔ میں آئندہ سماعت پر ساری ریکارڈنگز لے کر آؤں گا، کس نے کس وقت کیا کہا۔
عدالت نے استفسار کیا کہ کیا اعظم سواتی نے اپنا موبائل ایف آئی اے کو دیدیا؟ اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ میں نے وہ موبائل گھر سے باہر پھینک دیا تھا، اس میں میری فیملی کی تصویریں تھیں۔ میں اپنی ٹوئٹ مان رہا ہوں، پیچھے باقی کیا رہ گیا۔
بابر اعوان کا کہنا تھا کہ اب تفتیشی نے کیا تفتیش کرنی ہے کہ پیچھے عمران خان تھا یا جو بائیڈن تھا۔ تفتیشی کو ٹویٹ چاہیے اور اعظم سواتی وہ مان رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نہیں بتانا چاہتا کہ کون ڈاکٹرز کو میڈیکل لکھنے سے روکتا ہے۔ میں ان کے حلیے نہیں بتانا چاہتا، اعظم سواتی کو بھی منع کر دیا ہے۔ اگر عدالت دیکھے تو ہم عدالت کو زخم دکھانے کیلئے تیار ہیں۔ ایف آئی اے نے اعظم سواتی کے گھر سے 40 اشیاء اپنے قبضے میں لیں۔
عدالت نے دلال سننے کے بعد جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر محفوظ فیصلہ سنتے ہوئے اعظم سواتی کا مزید ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔