چینی لبریشن آرمی اور پاک فوج کے درمیان تعاون جاری رہےگا، جنرل قمر باجوہ
اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان کی دوستی لازوال ہے۔ چینی لبریشن آرمی اور پاک فوج کے درمیان تعاون جاری رہےگا۔ انہوں نے دونوں ملکوں کو درپیش چیلنجز کامل کر مقابلہ کرنے کےعزم کا بھی اظہار کیا۔ اسلام آباد میں چینی لبریشن آرمی کی 90ویں سالگرہ کے حوالے سے تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کو ایک جیسے چیلنجز اور مواقعوں کا سامنا ہے۔ خطے میں امن و استحکام کا قیام اور خوشحالی دونوں ملکوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاک چین متحد ہوکر بہادری سے درپیش چیلنجز اور طوفانوں کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ دونوں ملکوں کے تعلقات باہمی اعتماد، عزت اور تعاون پر مشتمل ہیں۔ چین نے ہمیشہ پاکستان کے حق میں سفارتکاری کی ہے۔ سی پیک، دفاعی تعاون، بین الاقوامی مشترکہ سفارتی محاذ پر دونوں ملکوں کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ این ایس جی کی رکنیت اور کشمیر کے معاملے سمیت دیگر بین الاقوامی امور پر چین کی حمایت کے مشکور ہیں۔ افغانستان میں مفاہمتی عمل کیلئے چار فریقی گروپ کی بحالی کیلئے پاکستان کے اقدامات پر چین کی حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ دونوں ملک دہشت گردی کےخلاف جنگ میں بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔ چینی لبریشن آرمی اور پاک فوج کے درمیان تعاون جاری رہے گا۔