وسیم اکرم نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو خیرباد کہہ دیا
لاہور: سابق قومی کپتان اور سوئنگ ماسٹر وسیم اکرم نے پی ایس ایل کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کو خیر باد کہہ دیا ہے جب کہ سابق قومی ٹیسٹ ٹیم اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق اب مینٹور کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ ایک رپورٹ کے مطابق وسیم اکرم نے اسلام آباد یونائیٹڈ میں مینٹور کی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوتے ہوئے پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کیلیے نئی ٹیم ملتان میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی آل راﺅنڈر محمد حفیظ کو ملتان کا کپتان اور سری لنکن بیٹسمین مہیلا جے وردنے کو نائب کپتان مقرر کیا جا سکتا ہے جبکہ آسٹریلوی پلیئر مائیکل کلارک کوچ کیلیے مضبوط امیدوار ہیں۔ وسیم اکرم اسلام آباد یونائیٹڈ کےساتھ بطور مینٹور خدمات انجام دے رہے تھے، ان کی زیر نگرانی اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم مصباح الحق کی قیادت میں پی ایس ایل کا اولین ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی تھی۔