بیجنگ : وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کون بنے گا؟ ابھی فیصلہ نہیں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے چینی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اہم فوجی تقرریاں مناسب وقت پر کی جائیں گی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ فوج میں اعلیٰ ترین تقرریوں کے معاملے میں جلد بازی میں نہیں ہیں ، یہ فیصلہ مناسب وقت پر کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آرمی چیف اورچیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کون بنے گا ابھی فیصلہ نہیں ہوا۔
خیال رہے وفاقی دارالحکومت میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ آصف نے آرمی چیف کی تقرری سے متعلق ابہام پر کہا تھا کہ میرا اپنا خیال ہے کہ سارے تھری اسٹار جنرل آرمی چیف بننے کےقابل ہوتےہیں، لیکن جی ایچ کیو کی طرف سے جو نام آتے ہیں اس کی اپنی اہمیت ہوتی ہے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کون ہوگا؟ اس کا فیصلہ نہیں ہوا ، روایت یہ ہے کہ اس اہم عہدے کے لئے پانچ افراد کا نام دیا جاتا ہے پانچ میں سے کسی ایک کو تعینات کیا جاتا ہے مگر ماضی میں ایسا بھی ہوا ہے کہ پانچ نمبر سے باہر کے لوگ بھی تعینات کئے گئے۔
خواجہ آصف نے کہا تھا کہ آرمی چیف کی تقرری کا مجوزہ طریقہ اس ماہ کے آخر یا نومبر کے شروع میں ہونے کا امکان ہے، سبکدوش چیف کو اتنا وقت ملنا چاہیے کہ وہ جوانوں سے انٹرایکشن جاری رکھ سکے۔