اسلام آباد
تحریک انصاف نے عائشہ گلالئی کے الزامات کی تحقیقات کے لیے کمیٹی مسترد کردی
اسلام آباد: تحریک انصاف نے عائشہ گلالئی کے الزامات کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی پارلیمانی کمیٹی مسترد کردی ہے۔ تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کی اخلاقیات کمیٹی کو مسترد کرتے ہیں، پی ٹی آئی تحقیقات کے موقف پر قائم ہے لیکن الزام لگانے والے ہی جج اور منصف ہوں یہ قبول نہیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ کی پارلیمنٹ میں کمشنر مقرر کیا جاتا ہے، برطانیہ میں کمشنر ارکان پارلیمنٹ پر لاگو رولز کا تعین کرتا ہے لہذا عائشہ گلالئی معاملے کی تحقیقات کے لیے برطانیہ کی طرز پر کمشنر کا تقررکیا جائے۔ واضح رہے کہ قومی اسمبلی نے عائشہ گلالئی کی جانب سے عمران خان پر لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیٹی بنانے کی تحریک منظور کی تھی۔