لاہور : پی ٹی آئی ارکان نے پرویز الہٰی اور مونس الہٰی کے بیانات کو پارٹی پالیسی کے برعکس قرار دے دیا۔
تحریک انصاف کے اہم رہنماء پرویز الہی کے بیانات پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسمبلی نہ توڑنے کے بیان پر عمران خان کے سامنے پھٹ پڑے۔
ارکان کا کہنا تھا کہ دونوں باپ بیٹا ہمارے مؤقف کی نفی کر رہے ہیں۔ پرویز الہٰی ہمارے ساتھ ڈبل گیم کھیل رہے ہیں۔ بیانات پر ان سے فوری طور پر وضاحت لی جائے۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے ارکان کے خدشات پر مزید مشاورت کے لیے آج زمان پارک میں اہم اجلاس طلب کرلیا، جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب اور ان کے صاحبزادے کے بیانات کا جائزہ لیا جائے گا۔ مشاورت کے بعد وضاحت طلب کرنے یا نہ کرنے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔