شرمناک کام کرنے والا پاکستانی برطانوی عدالت سے بھاگ نکلا، وطن واپسی کی کوشش ، جرم ایسا کہ آپ بھی کہیں گے ائیرپورٹ پر ہی پکڑ لو !
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں ایک کمسن بچے کو متعدد بارزیادتی کا نشانہ بنانے والا پاکستانی شخص عدالت سے فرار ہو گیا ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ برطانیہ سے بھاگ کر پاکستان واپس پہنچنے کی کوشش کر رہا ہے۔37سالہ ملزم طارق جاوید کے خلاف مانچسٹر کی منشل سٹریٹ کراﺅن کورٹ (Minshull Street Crown Court)میں مقدمہ دائر کیا گیا تھا۔ واقعے کے روز جج اس کی سزا کا حکم سنانے جا رہے تھے کہ فیصلے سے چند ہی لمحے قبل وہ عدالت سے بھاگنے میں کامیاب ہو گیا۔
برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق سماعت کے بعد جب جج فیصلہ لکھنے میں مصروف ہوئے تو انہوں نے ملزم کو احاطہ عدالت میں رہنے کی اجازت دے دی۔ جب کچھ وقت بعد عدالتی کارروائی دوبارہ شروع ہوئی تومعلوم ہوا کہ ملزم فرار ہو چکا تھا۔پولیس نے مفرور ملزم کے وارنٹ جاری کر دیئے ہیں اور خدشہ ظاہر کیا ہے کہ وہ فرار ہو کر پاکستان جانے کی کوشش کرے گا۔ انسپکٹر ایان کوٹریل کا کہنا تھا کہ ”تمام ایئرپورٹس کو ملزم کے متعلق ضروری معلومات فراہم کرکے متنبہ کر دیا گیا ہے تاکہ وہ ملک سے فرار نہ ہونے پائے او ر اپنے کیے کی سزا بھگتے۔جو شخص ملزم کو پناہ دے گا اسے بھی گرفتار کرلیا جائے گا اور اس کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔“واضح رہے کہ ملزم نے 13سال سے کم عمر بچے کو متعدد بار جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔