پرویز الہیٰ کے پاس اکثریت موجود ہے تو اعتماد کاووٹ کیوں نہیں لیتے: مراد علی شاہ
کراچی: وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ دعویٰ کرتے ہیں تو اسمبلی میں اکثریت ثابت کریں
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ پرویز الہیٰ دعویٰ کرتے ہیں تو اسمبلی میں اکثریت ثابت کریں، انکے پاس 186 ممبر موجود ہیں تواعتماد کاووٹ کیوں نہیں لیتے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ گورنر کو اختیار ہے اسمبلی اجلاس بلائے اور وزیراعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہے، انکے پاس 186 ممبر موجود ہیں تواعتماد کاووٹ کیوں نہیں لیتے۔
مراد علی شاہ نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے کہا کہ الیکشن کے دوران صوبائی حکومتوں کو اہلکاروں کی ضرورت پڑتی ہے، ہم نے مشورہ دیاتھا کہ دوتین مرحلوں میں الیکشن کروائیں۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل افسران کا تبادلہ ہوتا رہتا ہے اس سے الیکشن پر کوئی فرق نہیں پڑتا، سابق ایڈمنسٹیٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کے حوالے سے انکا کہنا تھا کہ انہیں کام کرنے کے لئے کسی عہدے کی ضرورت نہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم میں اضافے پر تشویش ہے، گزشتہ روز امن وامان پرمیٹنگ کی تھی۔ این ای ڈی طالب علم کا قتل کرنے والا چند دن پہلے جیل سے آزاد ہوا تھا، عدالتوں میں پراسیکیوشن کومزید بہتر بنائیں گے تاکہ ملزمان کو سزائیں ہوں۔
گزشتہ روز مراد علی شاہ نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے غیر قانونی طور پر آنے والے غیر ملکیوں کو واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا۔