12 سالہ حامد کو کچلنے والی ایلیٹ فورس کی گاڑی کی نشاندہی ہوگئی
موسیٰ: نوازشریف کے قافلے میں شامل ایلیٹ فورس کی گاڑی کی نشاندہی ہوگئی ہے جس نے گزشتہ روز 12 سالہ حامد کو کچل دیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف کے نااہلی کے بعد اسلام آباد سے لاہور جانے والی ریلی گزشتہ روزجب لالہ موسیٰ پہنچی تو نوازشریف کے پروٹوکول میں شامل ایلیٹ فورس کی گاڑی نے روڈ کنارے کھڑے 12 سالہ بچے حامد کو کچل ڈالا جس کے نتیجے میں بچے کی ہلاکت واقع ہوگئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اور ان کے بھائی نوازشریف نے بھی اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق بچے کو مشن کا پہلا شہید قرار دیا تھا جب کہ وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا تھا جس پر ڈی پی او گجرات سہیل ظفر چٹھہ کے مطابق واقعے کا مقدمہ گزشتہ روز ہی درج کرلیا گیا تاہم مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج ہوا اور تاحال کسی بھی شخص کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔
ایس پی معاذ نے میڈیا سے بات کرتےہوئے کہا ہے کہ بچے کو ٹکر مارنے والی گاڑی کی شناخت کرلی گئی ہے تاہم تفتیشی پیچیدگیوں کے باعث گاڑی سے متعلق ابھی تفصیل سے زکر نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک کوئی ملزم گرفتار نہیں ہوسکا لیکن ہم نے نوازشریف کے سیکیورٹی افسر کو بتادیا ہے کہ فوٹیج میں نظر آنے والی گاڑی کے ڈرائیور کو پیش کیا جائے۔
دوسری جانب لالہ موسٰی میں نوازشریف شریف کی ریلی میں شامل بچے کو کچلنے والی گاڑی کی فوٹیج ایکسپریس نیوز نے حاصل کرلی ہے جس میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ نوازشریف کے پیچھے پروٹوکول میں شامل 875 نمبر پلیٹ کی کالے رنگ کی بی ایم ڈبلیو نے ناصرف بچے کو سڑک پر روند ڈالا بلکہ رکے بغیر آگے کی جانب نکل گئی، گاڑی کا ڈرائیور سفید شلوار قمیض میں ملبوس تھا۔ واقع کی اطلاع ملتے ہی جاں بحق بچے حامد کے والد کی حالت تشویش ناک ہوگئی اور انہیں دل کا دورہ پڑنے کے باعث اسپتال منتقل کردیا گیا۔
جاں بحق بچے حامد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے، نمازجنازہ میں وزیرمملکت جعفراقبال، مئیرکارپوریشن حاجی ناصر، پیپلزپارٹی کے تنویر اشرف کائرہ اور پی ٹی آئی کی مقامی قیادت سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔