دہشتگردی کو شکست دینے کیلیے تمام اداروں کو ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے، آرمی چیف
کوئٹہ: سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کو مکمل شکست دینے کے لئے تمام اداروں کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز کوئٹہ میں ہونے والے دھماکے میں شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور زخمیوں کی عیادت بھی کی۔
نماز جنازہ میں گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، وزیراعلیٰ نواب ثنااللہ زہری، وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال، صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی، کمانڈر سدرن کمانڈ اور دیگر سیاسی و عسکری حکام نے شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے سی ایم ایچ کوئٹہ میں دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی جب کہ اس موقع پر آرمی چیف کو کوئٹہ دھماکے سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔
سربراہ پاک فوج کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ملک میں دیرپا امن و استحکام کے حصول تک جنگ جاری رہے گی اور شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پاکستانی قوم جشن آزادی بھرپور طریقے سے منائے گی۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ کے علاقے پشین روڈ پر خودکش حملے کے نتیجے میں 8 اہلکاروں سمیت 15 افراد شہید اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔