سوشل میڈیا کے ذریعے دہشتگردوں اور شر انگیزی کی حمایت کرنے والے 74 ہزار پیجز اور سائٹس بلاک کروا دی گئیں۔
محکمہ انسداد دہشت گردی پنجاب گزشتہ سال سائبر کرائم کے خلاف ملک بھر میں متحرک رہا، اس حوالے سے سی ٹی ڈی پنجاب نے 2022 کی کارکردگی رپورٹ حکومت کو بھجوا دی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2022 کے دوران سی ٹی ڈی نے ایک ہزار 225 خفیہ آپریشن کیے، اور 244 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے پنجاب کو بڑی دہشت گردی سے بچایا۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سی ٹی ڈی کے انویسٹی گیشن ونگ نے گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر 246 مزید گرفتاریاں کیں۔
رپورٹ کے مطابق 2022 میں سی ٹی ڈی نے 2 ہزار 529 کیسز سوشل میڈیا سے ٹریس کئے، اور شرانگیزی میں ملوث 114 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جب کہ 74 ہزار سے زائد پیجز اور ویب سائٹس بلاک کروائیں۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سی ٹی ڈی تمام وسائل کا موثر استعمال کررہی ہے۔