سرکاری وسائل سے نکالی گئی احتجاجی ریلی اداروں کے خلاف تھی، خورشید شاہ
سکھر: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی قیادت میں نکالی گئی احتجاجی ریلی پر سرکاری وسائل خرچ کئے گئے اور قومی اداروں کے خلاف سخت الفاظ استعمال کئے گئے۔ سکھر میں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمنٹ میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی زیرقیادت اسلام آباد سے لاہور تک جانے والی ریلی پر 40 سے 50 کروڑ روپے خرچ کیا، نوازشریف کو مسائل کون سے تھے سرکاری وسائل سے نکالی گئی احتجاجی ریلی اداروں کے خلاف تھی اور ان کا انقلاب نواز بچاؤ انقلاب ہے۔
خورشید شاہ نے کہا کہ جب ہم آرٹیکل 62 اور 63 کو ختم کر رہے تھے تو نوازشریف نے ہماری مخالفت کی کیوں کہ ان کے ذہن میں سازش تھی وہ سوچ رہے تھے کہ ان شقوں کو میمو اسکینڈل میں آصف زرداری پر لگائیں گے، جب عدلیہ نے بے نظیر بھٹو اور آصف زرداری کو نا اہل قرار دیا تو اس وقت نواز شریف، شہباز شریف نے پورا کردار ادا کیا، یوسف رضا گیلانی کو سزا ہوئی تو کہا گیا اسی وقت نکل جاؤ یہ انسانوں کی بستی ہے حیوانوں کی نہیں، نوازشریف بتائیں جو پہلے کہا تھا وہ ٹھیک تھا یا آج جو کہہ رہے ہیں یہ ٹھیک ہے، 3 مرتبہ وزیراعظم رہنے والے نوازشریف کو آج جب عدلیہ نے نااہل قرار دیا تو انہیں ماضی سے سبق سیکھنا چاہئے۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ والے اب آئین کے خلاف ہوگئے ہیں اور آرٹیکل 62 اور 63 کو ختم کرنے کے درپے ہیں لیکن سب کچھ جل جائے ہم آئین کو جلنے نہیں دیں گے اور آرٹیکل 62 اور 63 کے حوالے سے نئے مینڈیٹ کے ذریعے بننے والی نئی اسمبلی فیصلہ کرے گی۔