Featuredاسلام آباد

الیکشن کمیشن کا عمران خان کے پیش نہ ہونے پر وارنٹ جاری کرنے کا عندیہ

سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو عمران خان کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کے معاملے میں کارروائی جاری رکھنے کی اجازت دے دی دوسری جانب الیکشن کمیشن نے عمران خان کو پیش ہونے کا آخری موقع دے دیا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عمران خان ، فواد چوہدری اور اسد عمر کے خلاف توہین الیکشن کمیشن پر ہائی کورٹس کی جانب سے دیے گئے حکمِ امتناع سپریم کورٹ میں چیلنج کیے تھے۔

عدالت عظمیٰ نے درخواست پر اپنے تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ الیکشن ایکٹ الیکشن کمیشن کو کارروائی کے لیے با اختیار بناتا ہے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ کسی ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو کارروائی سے نہیں روکا۔ سندھ اور لاہور ہائی کورٹس نے صرف حتمی فیصلہ جاری کرنے سے روکا ہے۔

سپریم کورٹ نے قرار دیا ہے کہ عمران خان، فواد چوہدری اور اسد عمر کے خلاف کارروائی جاری رکھے تاہم تحریک انصاف کے اعتراضات پر بھی قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن میں عمران خان ، اسد عمر اور فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کی سماعت ہوئی۔

تحریک انصاف کی طرف سے علی بخاری الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے، انہوں نے کہا کہ عمران خان کی صحت اجازت نہیں دیتی،وہ پیش نہیں ہو سکتے جب کہ فواد چوہدری کی والدہ شدید علیل اور اسپتال میں داخل ہیں، اس لئے عمران خان اور فواد چوہدری کو حاضری سے استثنی دیا جائے۔

علی بخاری کی درخواست پر ممبر سندھ نثار درانی نےریمارکس دیئے کہ وہ 4 ماہ سے پیش نہیں ہو رہے، ان کا میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کریں۔

بیرسٹر انور منصور نےسپریم کورٹ کا فیصلہ نہ آنے کی تاویل پیش کی تو ایڈیشنل ڈی جی الیکشن کمیشن بولے فیصلہ تو آ چکا۔

کمیشن ممبران نے ریمارکس دیئے کہ تاریخ تاریخ کھیلنے سے تو معاملہ حل نہیں ہوگا، آپ کیس نہیں چلانا چاہتے تو ہم حتمی فیصلہ دے دیتے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے تینوں کو پیش ہونےکا آخری موقع دیتے ہوئے واضح کیا کہ اگلی سماعت پر پیش نہ ہوئے تو وارنٹ جاری کئے جائیں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close