امریکا نے ایران کو دہشت گردی کی معاونت کا ذمہ دار ٹھہرا دیا
نیویارک: اقوامِ متحدہ میں خاتون امریکی سفیر نکی ہیلی نے گزشتہ روز ایک اجلاس سے اپنے خطاب میں ایران کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایران کو میزائل تجربات، دہشت گردی کی معاونت، انسانی حقوق اورسلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزیوں کی ذمہ داری قبول کرنا ہوگی۔ نکی ہیلی کا یہ اظہارِ خیال ایرانی صدر حسن روحانی کے اُس بیان کا جواب ہے جس میں ایرانی صدر نے امریکا کو خبردار کیا تھا کہ اگر اس نے ایران پر مزید پابندیاں لگائیں تو وہ عالمی طاقتوں کے ساتھ طے شدہ معاہدہ توڑنے میں چند گھنٹے بھی نہیں لگائے گا۔
اقوامِ متحدہ کے پلیٹ فارم سے خاتون امریکی سفیر نکی ہیلی نے اپنے باضابطہ جوابی بیان میں ایران سے کہا ہے کہ وہ جوہری معاہدے کو عالمی بلیک میلنگ کےلیے استعمال کرکے دنیا کو یرغمال نہیں بنا سکتا؛ اور یہ جوہری معاہدہ کسی بھی صورت میں ناکام نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ امریکا کی جانب سے ایران پر عائد کی گئی نئی پابندیوں کا مذکورہ جوہری معاہدے سے کوئی تعلق نہیں۔