اب بھی ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کے لیے کھیلنے کے لیے دستیاب ہوں:شعیب ملک
پاکستان کے تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک کا کہنا ہے کہ ان کا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق تجربہ کار آل راؤنڈرشعیب ملک کا کہنا ہے کہ وہ اب بھی ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کے لیے کھیلنے کے لیے دستیاب ہیں کیونکہ کوئی بھی ان کی فٹنس لیول کا 25 سالہ کھلاڑی سے موازنہ کر سکتا ہے۔
پاکستان کے 40 سالہ شعیب ملک نے ٹیسٹ کرکٹ اور ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی ہے انہوں نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ نہیں لی۔
شعیب ملک نے آخری بار نومبر 2021 میں بنگلہ دیش کے دورے پر پاکستان کے لیے کھیلا تھا اور اس کے بعد سے انہیں ٹیم سے باہر کر دیا گیا تھا۔
قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ نہ ہونے کے باوجودشعیب ملک دنیا کی مختلف ٹی ٹوٹئنی لیگز کا لازمی حصہ رہے ہیں اور فی الحال وہ بنگلہ دیش پریمئیر لیگ میں رنگپور رائیڈرز کی طرف سے کھیل رہے ہیں۔
بنگلہ دیش کے سلہٹ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھ پر بھروسہ کریں، مانا کہ میں بوڑھا ہوں لیکن میری فٹنس کا موازنہ 25 سالہ نوجوان سے کر سکتے ہیں۔
شعیب ملک نے کہا کہ میں اب بھی گراؤنڈ میں آ کر لطف اندوز ہوتا ہوں، مجھ میں کرکٹ کی بھوک ہے اسی لیے میں نے ٹی ٹوئنٹی سے ریٹائرمنٹ نہیں لی۔
پاکستان کے تجربہ کار آل راؤنڈر نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ اب بھی قومی ٹیم سے کھیلنے کے لیے دستیاب ہیں۔
رمیز راجہ کو چیئرمین کے عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے سیٹ اپ میں تبدیلیوں کے حوالے سے شعیب ملک نے کہا کہ ان چیزوں کا پاکستان کے لیے بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کی خواہش پر زیادہ اثر نہیں پڑا۔
شعیب ملک نے مزید کہا کہ میں ایک کرکٹر ہوں اور اب اپنی زندگی میں کافی کچھ دیکھا ہے اور یہ چیزیں مجھے پریشان نہیں کرتی ہیں.