ڈی آئی خان، موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے جے یوآئی رہنماء جاں بحق
ڈیرہ اسماعیل خان میں پائیدار قیام امن کے تمام تر دعوے ریت پہ لکیر ثابت ہوئے۔ اہدافی قاتلوں نے آج صبح بنوں روڈ پر فائرنگ کرکے جامع مسجد صدیق اکبر کے خطیب اور جے یو آئی (ف) کے رہنماء مولانا سید عطاء اللہ شاہ کو فائرنگ کرکے قتل کرڈالا۔ نامعلوم قاتلوں نے موٹر سائیکل پر سوار ہوکے مولانا عطاء اللہ شاہ کو اس وقت نشانہ بنایا کہ جب وہ صبح کی نماز کے بعد سڑک پہ چہل قدمی کررہے تھے۔ انہیں متعدد گولیاں لگیں تاہم سر میں لگنے والی گولی جان لیوا ثابت ہوئی۔ واضح رہے کہ ایک ہفتے کے دوران ٹارگٹ کلنگ کی یہ چوتھی کارروائی ہے کہ جس میں اب تک پانچ افراد نشانہ بن چکے ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور ارتکاب جرم کے بعد بنوں روڈ کی جانب فرار ہوئے جبکہ پولیس کے اضافی ناکوں پہ کہیں بھی کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ مولانا عطاء اللہ شاہ کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں پنیالہ میں ادا کی گئی، جس میں اہل علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔