تحقیقاتی اداروں کو پشاور پولیس لائن دھماکہ کا خودکش بمبار اور نیٹ ورک مل گیا
تحقیقاتی اداروں کو پشاورپولیس لائنز دھماکے کے خودکش بمبار اور نیٹ ورک کی تفصیلات مل گئیں۔
پشاور پولیس لائنز خود کش دھماکے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، تحقیقاتی اداروں کو دھماکے میں ملوث خودکش بمبار اور پورے نیٹ ورک کی تفصیلات مل گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق تحقیقات میں دھماکے کے حوالے سے چند تفصیلات بھی سامنےآئی ہیں، جن کے مطابق دھماکے میں ٹی این ٹی دھماکا خیز مواداستعمال کیا گیا، اور خود کش بمبار نے مسجد کے پُرانے حصے میں دھماکا کیاجہاں کوئی پِلر موجود نہ تھا، اور دیواریں صرف اینٹوں کےسہارے کھڑی تھیں، یہی وجہ ہے کہ زیادہ شہادتیں دیواریں اور چھت گرنے سے ہوئیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں ملوث نیٹ ورک تک پہنچ چکے ہیں، اور خود کش بمبار اور نیٹ ورک کی تفصیلات بھی حاصل کرلی گئی ہیں، جب کہ تحقیقاتی ادارے نیٹ ورک تک رسائی حاصل کر رہے ہیں۔
پولیس نے متعدد مشکوک افراد کو بھی حراست میں لیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے تاہم ابھی تک کوئی باقاعدہ گرفتاری ظاہر نہیں کی گئی ہے۔