نیب ترمیمی بل پاس ہونے کے بعد اومنی گروپ کے روپوش رہنے والے کرداروں نے بھی عدالتوں سے رجوع کرلیا۔
نیب ترمیمی ایکٹ کے تحت جعلی اکاؤنٹس اسکینڈل کے ملزمان کو ریلیف کا سلسلہ جاری ہے، اور اب اومنی گروپ کے روپوش رہنے والے کرداروں نے بھی عدالتوں سے رجوع کرلیا ہے۔
اومنی گروپ اسکینڈل میں اشتہاری رہنے والے نمر مجید اور علی کمال مجید ترمیمی ایکٹ کے تحت مقدمات واپس ہونے کے بعد واپس لوٹ آئے ہیں، اور انہوں نے اسلام آباد کی ماتحت عدالت میں اپنے بلاک شناختی کارڈز کھولنے کی درخواستیں دے دی ہیں۔
دوسری جانب عدالت نے بھی اشتہاری ملزمان کے سرنڈر کرنے پر نیب کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔
واضح رہے کہ جعلی اکاؤنٹس اسکینڈل میں احتساب عدالتوں سے 10 ملزمان اشتہاری قرار دیئے ہوئے تھے۔