پنجاب کی فلور ملوں کے خلاف ایم پی او کے تحت کاروائیاں بند کی جائیں
کراچی: پنجاب کی فلور ملز کے مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو سندھ کی فلور ملز بھی 16 فروری سے ہڑتال پر چلی جائیں گی۔
سندھ کی فلور ملز نے بھی پنجاب کی فلور ملز کی حمایت میں 16فروری سے ہڑتال کا اعلان کردیا۔
پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن سندھ ریجن کے چئیرمین چوہدری عامر نے کہا ہے سندھ کی فلور ملز پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے، پنجاب کی فلور ملوں کے خلاف ایم پی او کے تحت کاروائیاں بند کی جائیں اور ان کے مطالبات تسلیم کیے جائیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب کی فلور ملز کے مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو سندھ کی فلور ملز بھی 16 فروری سے ہڑتال پر چلی جائیں گی۔ چوہدری عامر نے بتایا کہ سندھ کی فلور ملز بھی گندم کے مسائل سے دوچار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ کی ملز کو بھی مطلوبہ کوٹے سے کم گندم مل رہی ہے، پاکستان فلور ملز ایسو سی ایشن نے ہمیشہ عوام کی فلاح کے پیش نظر اپنا مثبت کردار کیا ہے، ہم گندم فروخت کرنے والی فلور ملز کے ساتھ نہیں ہیں، عوام کی سہولت کے پیش نظر اپنے خرچے پر آٹے کے ٹرکنگ اسٹیشن چلا رہے ہیں۔