Featuredپنجاب

سپریم کورٹ نے سی سی پی او لاہور کو عہدے پر بحال کردیا

سپریم کورٹ آف پاکستان ( Supreme Court of Pakistan ) نے سی سی پی او لاہور ( CCPO Lahore ) غلام محمود ڈوگر ( Ghulam Mehmood Dogar ) کو عہدے پر بحال کردیا ہے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان نے آج بروز جمعہ 17فروری کو سابق کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر ( سی سی پی او) لاہور غلام محمود ڈوگر تبادلہ کیس کی سماعت کی۔ دورانِ سماعت سیکریٹری الیکشن کمیشن اور ڈائریکٹر جنرل (لا) عدالت میں پیش ہوئے۔ آج ہونے والی سماعت میں سپریم کورٹ نے نگراں پنجاب حکومت کا حکم معطل کردیا۔

سپریم کورٹ کے جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بینچ ( جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی اور جسٹس منیب اختر ) نے فیصلہ سنایا جس میں لاہور پولیس کے سابق چیف غلام محمود ڈوگر کے تبادلے کا آرڈر معطل کیا گیا۔

سماعت کے آغاز میں جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ کیا چیف الیکشن کمشنر عدالت آئے ہیں؟ اس پر سیکریٹری الیکشن کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر کی طبیعت خراب ہے اس وجہ سے نہیں آسکے۔

جسٹس مظاہر اکبر نقوی نے دریافت کیا کہ کیا الیکشن کمیشن عام حالات میں تبادلے اور تعیناتی کی اجازت دے سکتا ہے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ الیکشن کمیشن اہم حالات میں تبادلے کی اجازت قوانین کے مطابق دے سکتا ہے۔

جسٹس منیب اختر نے استفسار کیا کہ آپ بتائیں کہ زبانی درخواست پر کیسے تبادلہ کر دیا گیا، کس نے چیف الیکشن کمشنر کو یہ اختیار دیا ہے کہ زبانی درخواست پر تبادلہ کر دے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی مسٹر ایکس کال کر کے تبادلے کا کہے تو کیا قانون اس کی اجازت دیتا ہے، کس قانون کے تحت نگران حکومت کے کہنے پر اسسٹنٹ کمشنرز تک تبدیل کر دیے گئے۔

دیئے گئے ریمارکس میں جسٹس منیب اختر کا یہ بھی کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو تبادلے کی اجازت کا اختیار ہے، صرف چیف الیکشن کمشنر کو نہیں، کیا یہ الیکشن کمیشن کی روایت ہے کہ زبانی درخواست پر تبادلہ کردیا جاتا ہے۔

سیکریٹری ای سی پی نے کہا کہ حکومت پنجاب نے 23 جنوری کو پہلے سی سی پی او کا تبادلہ کرنے کی زبانی درخواست کی۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن نے مزید بتایا کہ زبانی درخواست کے بعد تحریری درخواست بھی کی گئی تھی، الیکشن کمیشن میں پہلے بھی اس طرح تبادلے ہوتے رہے ہیں۔

عدالت نے کہا کہ پنجاب میں تقرر و تبادلے کا معاملہ سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ کے سامنے زیر التوا ہے۔

جسٹس منیب اختر نے استفسار کیا کہ کیا عام حالات میں بھی زبانی درخواست پر احکامات جاری ہوتے ہیں؟

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ زبانی درخواست آئی، منظوری ہوئی اور عمل بھی ہوگیا، عمل درآمد کے بعد خط و کتابت کی گئی۔

جسٹس منیب اختر نے کہا کہ کیا سرکاری ادارے زبانی کام کرتے ہیں؟ کیا آئینی ادارے زبانی احکامات جاری کر سکتے ہیں؟ چیف الیکشن کمشنر نہیں تبادلوں کی منظوری الیکشن کمیشن دے سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کیا الیکشن کمیشن نے اپنے اختیارات چیف الیکشن کمشنر کو تقویض کردیے ہیں؟

ڈائریکٹر جنرل لا نے کہا کہ اختیارات تقویض کرنے کی کوئی دستاویز موجود نہیں ہے، پنجاب کی نگران حکومت نے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کو 23 جنوری کو پنجاب سروس اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ رپورٹ کرنے کا کہا تھا۔

بعد ازاں عدالت نے پنجاب کی نگران حکومت کی جانب سے سی سی پی او لاہور کے تبادلے کا حکم معطل کر کے انہیں عہدے پر بحال کردیا۔

عدالت نے کہا کہ سپریم کورٹ میں پولیس افسران کی ٹرانسفر پوسٹنگ کا معاملہ پہلے ہی پانچ رکنی بینچ سن رہا ہے اور غلام محمود ڈوگر تبادلہ کیس بھی پانچ رکنی بینچ سنے گا۔

کیس کا پس منظر
واضح رہے کہ 5 نومبر کو وفاقی حکومت نے گورنر ہاؤس پر پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے دھاوا بولنے کے بعد اُس وقت کے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کو معطل کردیا تھا اور انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

وفاق کی جانب سے معطلی کے باوجود غلام محمود ڈوگر نے عہدے کا چارج نہیں چھوڑا تھا جب کہ انہوں نے اپنی معطل لاہور ہائیکورٹ میں بھی چیلنج کی تھی۔

اس وقت کی پنجاب حکومت نے بھی غلام محمود کی خدمات وفاق کو دینے سے انکار کیا تھا جس پر وفاقی حکومت نے سی سی پی او کو ایک وارننگ لیٹر بھی جاری کیا تھا۔ تاہم بعد میں یہ معاملہ سپریم کورٹ جا پہنچا تھا۔

اس کے بعد پنجاب کی نگراں حکومت بنتے ہی 23 جنوری کو ایک بار پھر کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او ) لاہور غلام محمود ڈوگر کا تبادلہ کردیا گیا تھا۔ اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق بلال صدیق کمیانہ کو نیا سی سی پی او لاہور تعینات کیا گیا تھا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق غلام محمود ڈوگر کو ایس اینڈ جی اے ڈی رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔ معطلی کے حکم کے بعد سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے وفاق کی جانب سے اپنی معطلی کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close