دہشتگردی کیخلاف جنگ جیتنے کیلیے پوری قوم کو ایک کرنا ہوگا، بلاول بھٹو زرداری
فتح جنگ: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ملک نازک صورتحال سے گزر رہا ہے اور ہم پر دہشتگردوں کو پناہ دینے کا الزام لگ رہا ہے، یہی الزام پہلے بھی لگایا جاتا تھا مگر اب تو دھمکی بھی آ گئی ہے جس سے لگتا ہے پاکستان سفارتی طور پر تنہا ہو گیا ہے۔ فتح جنگ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ اور تحریک انصاف کا کوئی منشور نہیں ہے، دونوں ہی مفادات کی سیاست کرتے ہیں اسی لئے میں کہتا ہوں کہ نواز شریف اور عمران خان ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں اور وہ دونوں ہی نااہل اور ناکام سیاستدان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خان صاحب کے تبدیلی کے دعوے جھوٹ پر مبنی ہیں، خیبر پختونخوا میں لوگ ڈینگی سے مر رہے ہیں اور خان صاحب سکھر میں تقریریں کر رہے ہیں، جب بھی کے پی کے کے لوگوں کو خان صاحب کی ضرورت پڑتی ہے تو خان صاحب پہاڑوں پر بھاگ جاتے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ میاں صاحب نااہل اور ان کی حکومت ناکام ہے، نواز شریف کی ترقی کے دعوے کھوکھلے ہیں کیونکہ ان کے دور حکومت میں قوم قرضوں کے بوجھ تلے دب کر رہ گئی ہے، غربت اور بے روزگاری بڑھ رہی ہے لیکن عوام مایوس نہ ہوں کیونکہ میں نے پیپلزپارٹی کا جھنڈا اٹھا لیا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی ہی واحد جماعت ہے جو ملک کی خدمت کرتی ہے اور جب ضرورت پڑتی ہے تو اپنی جانوں کے نذرانے بھی پیش کرتی ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہمارا ملک ایک نازک صورتحال سے گزر رہا ہے، ہم پر دہشتگردوں کو پناہ دینے کا الزام لگ رہا ہے، یہی الزام پہلے بھی لگایا جاتا تھا مگر اب تو دھمکی بھی آگئی ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بیان بھی ایک طرح کی دھمکی ہے، لگتا ہے کہ پاکستان سفارتی طور پر تنہا ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ایک خارجہ پالیسی ہوتی ہے، مگر مسلم لیگ (ن) کی کوئی خارجہ پالیسی نہیں ہے، دنیا کو اپنا بیانیہ بتانا پڑتا ہے مگر ہمارے وزیر خارجہ، پالیسی کے بجائے جی ٹی روڈ پر کہتے ہیں کہ اس کے قائد کو کیوں نکالا گیا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پر مکمل طور پر عمل نہیں کیا جا رہا، صرف آپریشنز سے دہشت گردی ختم نہیں ہو سکتی، دہشتگردی کیخلاف جنگ جیتنے کیلیے پوری قوم کو ایک کرنا ہوگا، یہ نہیں ہو سکتا کہ کالعدم تنظیمیں نام بدل کر سیاست میں آ جائیں اور حکومت کے ساتھ ساز باز کر کے الیکشن بھی جیت جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نہ صرف دہشت گردوں کا مقابلہ کرتی ہے بلکہ امریکا کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر جواب دیتی ہے، ہم نے ہی نیٹو کی سپلائی لائن بند کی اور تاریخ میں پہلی بار امریکا نے کسی بھی ملک سے معافی مانگی۔