سندھ حکومت کا یکم مارچ سے نئے روٹس پر پیپلز پنک بس سروس چلانے کا اعلان
ہاکس بے روڈ تک بھی پیپلز بس سروس چلانے کا جائزہ لے رہے ہیں
کراچی: پیپلز الیکٹرک بس سروس کے مزید نئے روٹس کا بھی جلد از جلد آغاز کیا جائے۔
صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ ماڈل کالونی سے ٹاور پنک بس سروس روٹ -1 پر بسوں میں اضافہ ہوگا جبکہ پاور ہاس چورنگی نارتھ کراچی سے انڈس ہاسپٹل روٹ -2 اور نمائش چورنگی سے کلاک ٹاور سی ویو روٹ- 10 پر پنک بس سروس کے نئے روٹس کا آغاز کل یکم مارچ سے کردیا جائے گا۔
پنک بس سروس روٹ 2 ، پاور ہاس چورنگی نارتھ کراچی سے انڈس ہاسپٹل کورنگی براستہ ناگن چورنگی، شفیق موڑ، گلشن چورنگی، جوہر موڑ، سی او ڈی، ڈرگ روڈ، شارع فیصل، شاہ فیصل کالونی، سنگر چورنگی، کورنگی نمبر 5 تک چلائی جائے گی۔
روٹ نمبر 10 پر نمائش چورنگی، ایم اے جناح روڈ، زیب النساء اسٹریٹ میٹرو پول، تین تلوار، دو تلوار، عبداللہ شاہ غازی، ڈولمن مال، میکڈونلڈ اور کلاک ٹاور سی ویو تک پنک بس خواتین کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کرے گی۔
شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی میں پیپلز بس سروس کے مزید نئے روٹس پر سروے مکمل کیا جائے جبکہ ہاکس بے روڈ تک بھی پیپلز بس سروس چلانے کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اسی طرح چاہتے ہیں کہ پیپلز الیکٹرک بس سروس کے مزید نئے روٹس کا بھی جلد از جلد آغاز کیا جائے۔
صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت پیپلز بس سروس سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ عبدالحلیم شیخ، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی زبیر چنہ، پی ڈی این آر ٹی سی صہیب شفیق، آپریشن منیجر عبدالشکور و دیگر شریک تھے۔