پنجاب میں ہونے والے الیکشن کے باعث نیوزی لینڈ کیساتھ سیریز میں تبدیلی ہو گی
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ہماری کوشش ہے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آئندہ ایونٹ میں مزید دو ٹیمیں شامل کی جائیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نے مزید کہا کہ پنجاب میں ہونے والی الیکشن کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں معمولی تبدیلی ہو رہی ہے، یہ سیریز ہر حال میں ضرور ہو گی۔ پہلے سیریز کراچی سے شروع ہونی تھی پھر لاہور اور راولپنڈی میں ہونا تھی تاہم اب اس میں تھوڑی تبدیلی کی جائے گی۔ آئندہ ہفتے نئے شیڈول کا اعلان کر دیا جائے گا۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مکی آرتھر سے بات جیت بھی جاری ہے، نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز شیڈولڈ کے مطابق ہوگی، البتہ پنجاب میں الیکشنز کی وجہ سے تھوڑی بہت تبدیلی کی جا رہی ہے۔
نجم سیٹھی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کوکامیاب بنانے کیلئے تمام اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ٹکٹ کی ریکارڈ سیل ہوئی، ڈیجیٹل پر ریٹنگ 10 پر رہی جو آئی پی ایل سے آگے ہے۔ ان کی کوشش ہےکہ لیگ میں مزید 2 ٹیمیں شامل کی جائیں، ویمن لیگ بھی کرانے کا ارادہ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دبئی ہونے والے اجلاس میں ایشیا کپ، ورلڈ کپ اور چیمپئنز لیگ کے بارے میں بات ہوگی، اگر پاکستان ٹیم بھارت گئی تو سکیورٹی کے علاوہ میڈیا کو ساتھ لے جانے کی اجازت مانگی جائے گی۔