بھارت کا نیوی گیشن سیٹلائٹ خلاء میں بھیجنے کا تجربہ ناکام
نئی دہلی: بھارت کی جانب سے نیوی گیشن سیٹلائٹ کو خلاء میں بھیجنے کا تجربہ ناکامی سے دوچار ہو گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت میں پہلی بار کسی نجی کمپنی کی جانب سے تیار کیے جانے والے نیوی گیشن سیٹلائٹ آئی آر این ایس ایس 1 ایچ کو خلاء میں بھیجا جا رہا تھا تاہم دوران پرواز تکنیکی خرابی کی وجہ سے سیٹلائٹ مطلوبہ مدار تک نہ پہنچ سکا اور یہ تجربہ ناکام ہو گیا۔
انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) کے چیف اے ایس کرن کمار کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے 8 واں نیوی گیشن سیٹلائٹ خلاء میں بھیجا جا رہا تھا لیکن تجربہ کامیاب نہیں ہوا اور اس کی وجہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مسئلہ سیٹلائٹ میں نہیں بلکہ اسے خلاء تک لے جانے والے راکٹ میں تھا۔
شام 7 بجے شری ہری کوٹہ میں قائم ستیش دھون اسپیس سینٹر سے سیٹلائٹ کو لانچ کیا گیا۔ لانچ کے بعد ابتدائی تین مرحلے کامیابی سے مکمل ہوئے تاہم چوتھے مرحلے میں سیٹلائٹ کو راکٹ کی شدید گرمی سے بچانے والی ہیٹ شیلڈ سیٹلائٹ سے علیحدہ نہیں ہوئی جس کی وجہ سے وہ مطلوبہ مدار تک نہ پہنچ سکا۔
اس سے قبل بھارت کی جانب سے 7 نیوی گیشن سیٹلائٹ خلاء میں بھیجے جا چکے ہیں تاہم 8 واں سیٹلائٹ سب سے پہلے بھیجے گئے سیٹلائٹ میں پیدا ہونے والی خرابی کی وجہ سے بھیجا جا رہا ہے جو اس کی جگہ لے گا۔ بھارت کی خواہش ہے کہ وہ نیوی گیشن کے لیے غیر ملکی سیٹلائٹس پر انحصار ختم کرے اور اپنا علیحدہ خلائی سسٹم قائم کرے۔ اگر وہ اس میں کامیاب ہو گیا تو وہ بھی امریکا، روس، چین اور یورپ کی صف میں شامل ہو جائے گا جن کے اپنے نیوی گیشن سسٹم موجود ہیں۔