شاہ محمود قریشی کے بیان پر پی پی رہنما شازیہ مری کا ردعمل
اسلام آباد: قومی اسمبلی انتخابات سے قبل 2 صوبوں میں انتخابات وفاق کے خلاف گھناؤنی سازش ہے۔
شاہ محمود قریشی کے بیان پر ردعمل میں شازیہ مری کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی اپنے منافقانہ طرز عمل سے قوم کو گمراہ کرنے میں ناکام ہوں گے۔
وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ مری نے کہا ہے کہ آصف زرداری نے 1973 کے آئین کو اصل صورت میں بحال کیا، بلاول بھٹو زرداری آئین کے محافظ ہیں اور رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے 18ویں آئینی ترمیم ختم کرنے کی سازش کی، پی ٹی آئی چیئرمین نے پارلیمنٹ کو بےتوقیر کرنے کا جرم کیا۔
شازیہ مری نے مزید کہا کہ عمران نیازی نے تحریک عدم اعتماد کا سامنا کرنے کے بجائے قومی اسمبلی پر حملہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی انتخابات سے قبل 2 صوبوں میں انتخابات وفاق کے خلاف گھناؤنی سازش ہے۔
پی پی رہنما نے یہ بھی کہا کہ اسمبلی میں استعفے دینے کے بعد شاہ محمود قریشی کس منہ سے ممبر ہونے کا دعویٰ کر رہے ہیں؟ انہوں نے تو سائفر کی کہانی گھڑی تھی۔