دنیا

7 سال بعد سعودی اور ایرانی وزرائے خارجہ کی ملاقات

طویل عرصے کے بعد سعودی عرب اور ایران کے وزرائے خارجہ کے درمیان چین کے دارالحکومت بیجنگ میں خصوصی ملاقات ہوئی، اس ملاقات کے دوران خطے میں سکیورٹی اور استحکام لانے کے لیے ملکر کام کرنے کا اعادہ کیا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود اور ایرانی ہم منصب حسین امیرعبداللہیان کے درمیان ملاقات 7 سال سے زائد عرصے میں دونوں ملکوں کی اعلیٰ ترین سطح پر پہلی باضابطہ ملاقات ہے۔

سعودی سرکاری ٹی وی کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے چین میں متعین سفیر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

جمعرات کی علی الصبح ’ٹوئٹر‘ پر ایک مختصر ویڈیو کلپ میں دونوں وزراء نے ایک ساتھ بیٹھنے سے پہلے مصافحہ کیا۔ یہ ملاقات خوش گوار ماحول میں ہوئی۔

ملاقات کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ بیان میں دونوں فریقوں نے تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے ملکر کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں فریقوں نے بیجنگ معاہدے پر عملدرآمد ، اس کے فعال ہونے کی اہمیت پر زور دیا جس سے باہمی اعتماد اور تعاون کے شعبوں کو وسعت ملے اور خطے میں سلامتی، استحکام اور خوشحالی پیدا کرنے میں مدد ملے۔

اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ سعودی عرب اور ایران نے دو ماہ کے اندر دونوں ملکوں میں سفارت خانے کھولنے پر اتفاق کیا۔ دونوں ممالک تعاون کو بڑھانے کے طریقوں کا جائزہ لینے کے لیے ہم آہنگی جاری رکھیں گے، جن میں پروازوں کے دوبارہ آغاز اور دوطرفہ دوروں کے علاوہ شہریوں کے لیے ویزوں کی سہولت فراہم کرنا شامل ہیں۔

خیال رہے کہ سعودی عرب اور ایران نے چینی سرپرستی میں اپنے سفارتی تعلقات بحال کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

دونوں ممالک اور چین نے 10مارچ کو مشترکہ بیان میں اعلان کیا تھا کہ معاہدے پر 60 دن کے اندر عمل درآمد کر دیا جائے گا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close